مودی کی تصویر والے پوسٹل اسٹامپس

بہار ۔ 28 ۔ م ئی (سیاست ڈاٹ کام) پوسٹل اسٹامپس کے بارے میں گہری معلومات رکھنے والے کو ’’فلاٹیلسٹ ‘‘ کہتے ہیں، ایسے ہی ایک فیلاٹیلسٹ پردیپ جین نے نئے وزیراعظم نریندر مودی پرچار پوسٹل اسٹامپس کا ایک سیٹ اور خصوصی کور تیار کیا ہے ۔ پردیپ جین کا تعلق بہار سے ہے جس کے بعد ڈپارٹمنٹ آف پوسٹل نے اسے جاری کیا ۔ اس موقع پر پردیپ جین نے بتایا کہ نریندر مودی کے وزیراعظم بننے کے واقعہ کو دنیا کے اہم واقعہ میں شمار کیا جاسکتا ہے کیونکہ ساری دنیا کی نظریں ان پر لگی ہوئی تھیں اور دلچسپی سے نریندر مودی کی حلف برداری کی تقریب کا مشاہدہ کر رہی تھی ۔ اسٹامپس کے سیٹ اور خصوصی کور کو 26 مئی کے روز جاری کیا گیا

جو نریندر مودی کی حلف برداری کی تاریخ ہے ۔ 5 روپئے مالیت کے اسٹامپ پر مودی کے چار مختلف پوز پیش کئے گئے ہیں جن میں مودی مسکرا رہے ہیں اور ان کے اطراف پھولوںکو دکھایا گیا ہے ۔ اسٹامپس اور خصوصی کور کو بہار کے سینئر بی جے پی لیڈر دہلی لے گئے اور وزیراعظم نریندر مودی اور صدر بی جے پی راج ناتھ سنگھ کی خدمت میں پیش کیا۔یاد رہے کہ کسی بھی وزیراعظم کے حلف لینے کے اندرون 48 گھنٹے پوسٹل اسٹامپ کی اجرائی ایک غیر معمولی واقعہ ہے جو یقیناً اس بات کی غماز ہے کہ ملک میں نریندر مودی کی لہر موجود تھی۔ چاہے کانگریس اس کی جتنی بھی تردید کرتی۔