مودی کی بی جے پی جنرل سکریٹریز کو ریاستی چناؤ کیلئے تیاری کی ہدایت

نئی دہلی ، 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج بی جے پی جنرل سکریٹرز سے ملاقات کرتے ہوئے تنظیمی امور کے ساتھ ساتھ بعض کلیدی ریاستوں میں اسمبلی انتخابات سے قبل پارٹی کو مضبوط کرنے کیلئے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ مودی نے یہاں اپنی قیامگاہ میں ناشتے پر دس پارٹی جنرل سکریٹریز کے ساتھ زائد از ایک گھنٹہ گزارتے ہوئے ان سے حکمرانی کو بہتر بنانے اور پارٹی کو مضبوط کرنے کے بارے میں تجاویز طلب کئے۔ انھوں نے پارٹی قائدین سے کہا کہ عوام اور حکومت کے درمیان پل کے طور پر کام کریں۔ یہ اپنی نوعیت کی پہلی میٹنگ ہے جو مودی نے پیر کو بحیثیت وزیراعظم ذمے داری سنبھالنے کے بعد طلب کی ہے۔ مودی کل شام بی جے پی ہیڈکوارٹرز واقع اشوک روڈ میں مزید پارٹی ورکرز اور قائدین سے ملاقات کریں گے، جو اُن کے ساتھ جڑنے اور لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کو یقینی بنانے میں اُن کی انتھک کوششوں کیلئے اُن کا شکریہ ادا کرنے کی سعی ہے۔

آج کی میٹنگ باور کیا جاتا ہے کہ اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش ہے کہ حالیہ لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کو حاصل شدہ زبردست خط اعتماد کے تناظر میں بی جے پی کی تنظیمی طاقت تن آسانی کا شکار نہ ہونے پائے۔ سینئر بی جے پی قائدین نے کہا کہ اس کا مقصد پارٹی کو بدستور چوکس رکھنا اور پارٹی کو مؤثر فتح کے بعد غفلت کا شکار ہونے سے بچانا ہے۔ پارٹی جنرل سکریٹری ورون گاندھی نے اس میٹنگ کے بعد ٹوئٹر پر کہا، ’’معزم پی ایم شری نریندر مودی جی کے پارٹی جنرل سکریٹریز کے ساتھ ایک میٹنگ میں تحریکی پیام سے حوصلہ ملا کہ پارٹی اور قوم کی نئی طاقت کے ساتھ خدمت کی جائے‘‘۔
اس میٹنگ کے دوران اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ مؤثر اور اچھی حکمرانی کیلئے حکومت کو عام لوگوں اور پارٹی کے حامیوں کی تجاویز سے واقف کرانے کیلئے کیا میکانزم ہونا چاہئے۔ ذرائع نے کہا کہ وزیراعظم نے پارٹی قائدین سے یہ بھی کہا کہ اسمبلی انتخابات کیلئے تیاری کریں جو مہاراشٹرا اور ہریانہ میں اس سال کے اواخر اور جھارکھنڈ، جموں و کشمیر اور بہار میں آئندہ سال منعقد شدنی ہیں۔ علاوہ ازیں انھوں نے پارٹی قائدین پر مغربی بنگال، ٹاملناڈو، کیرالا، آسام اور پڈوچیری کی ریاستوںمیں 2016ء کے اسمبلی انتخابات کی بھی تیاری کرنے پر زور دیا۔ میٹنگ کے شرکاء میں صدر بی جے پی راجناتھ سنگھ شامل ہیں۔