احمد آباد 29 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر کانگریس لیڈر احمد پٹیل نے آج کہا کہ حالیہ اسمبلی انتخابات کے نتائج سے اشارہ ملتا ہے کہ بی جے پی کی مرکزی اقتدار سے بیدخلی کا وقت قریب آگیا ہے ۔ سابر کنٹھا ضلع میں ہمت نگر کے مقام پر ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے احمد پٹیل نے کہا کہ مدھیہ پردیش ‘ راجستھان اور چھتیس گڑھ اسمبلی انتخابات کے نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ لوگ عوام سے بیزار ہوچکے ہیں۔ احمد پٹیل نے کہا کہ 2014 میں جھوٹے وعدوں کے ذریعہ اقتدار حاصل کرتے ہوئے شائد بی جے پی نے نہیں سوچا ہوگا کہ صرف چارسال میں وہ اپنی مقبولیت سے محروم ہوجائیگی ۔ عوام بی جے پی سے اب بیزار ہوچکے ہیں۔ اسی وجہ سے کانگریس کو حالیہ انتخابات میں تین ریاستوں میں کامیابی ملی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب مودی کیلئے وقت آگیا ہے کہ وہ تاج چھوڑدیں۔ اگروہ خود ایسا نہیںکرتے ہیں تو عوام ایسا کردینگے ۔ انہو ںنے مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی صرف پنڈت نہرو جیسی جیکٹ پہنتے ہوئے ان جیسا لیڈر نہیں بن سکتا ۔