مودی کی اہلیہ رام دیو کے آشرم میں روپوش

نئی دہلی۔ 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی اگرچہ کے ان دنوں ملک میں میڈیا کیلئے سب سے اہم لیڈر بنے ہوئے ہیں لیکن ذاتی زندگی سے متعلق راز کے افشاں ہونے کے بعد ان کی اہلیہ جشودھابین بھی میڈیا کیلئے انتہائی منظورنظر بنی ہیں۔ مودی نے جب اپنی شادی شدہ زندگی کا اعتراف کیا تو جشودھابین کے تعلق سے میڈیا میں زبردست خبریں گشت کرنے لگیں لیکن وہ میڈیا کی نظروں سے غائب رہی ہیں۔ حال ہی میں ایک میگزین نے ان کے ٹھکانے کا پتہ چلا لیا ہے۔ وارناسی میں نریندر مودی کے پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے قبل یہ معلوم ہوا ہیکہ

جشودھابین ہمالیہ میں واقع مودی کے کٹر حامی یوگا گرو رام دیو بابا کے آشرم میں روپوش ہیں۔ شمالی ہند میں اپریل سے ستمبر تک یاتریوں کا سیزن ہوتا ہے۔ ہمالیہ کے چاردھام کو گجرات سے سینکڑوں یاتری پہنچتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جشودھابین کو بابا رام دیو کے آشرم میں رکھا گیا ہے جہاں وشوا ہندو پریشد کے والینٹرس ان کی حفاظت کررہے ہیں۔ یاتریوں کے لباس میں ملبوس ہندو کارکنوں اور پیشہ کے اعتراف سے سیکوریٹی جوان آشرم کے باہر پہرہ دے رہے ہیں۔ ہمالیہ کے پہاڑی پر واقع رشی کیش مقام پر رام دیو کا آشرم ہے۔ وہاں کے مزدوروں نے بتایا کہ انہوں نے 13 اپریل کو ایک سفید گاڑی میں زعفرانی ساڑی میں ملبوس ایک خاتون کو گاڑی سے اتر کر آشرم میں جاتے ہوئے دیکھا۔ گجرات سیکوریٹی سرویسیس سے وابستہ اعلیٰ سطح کے سیکوریٹی جوان جشودھابین کی حفاظت کررہے ہیں۔ انہیں عوام کی نظروں سے بچا کر رکھا گیا ہے۔