نئی دہلی 20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی اڈوانی کو منانے کی اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے جو گاندھی نگر سے اُنھیں امیدوار قرار دینے کے پارٹی کے فیصلہ پر ناراض ہیں۔ حالانکہ وہ بھوپال سے مقابلہ کرنا چاہتے تھے۔ سینئر قائدین بشمول نریندر مودی نے اُن سے ملاقات کی۔ پارٹی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی سینئر قائد کی قیامگاہ پر گئے اور وہاں آدھا گھنٹہ رُکے رہے۔ غالباً وہ اڈوانی کو گاندھی نگر سے مقابلہ کرنے کی ترغیب دے رہے تھے۔ اڈوانی لوک سبھا میں 5 میعادوں سے اِسی حلقہ کی نمائندگی کررہے ہیں۔ ارون جیٹلی، وینکیا نائیڈو اور سشما سوراج نے بھی آج اڈوانی سے ملاقات کی۔ سوراج نے کل نتن گڈکری کے ساتھ اُن سے ملاقات کی تھی۔ جبکہ پارٹی نے گاندھی نگر سے اڈوانی کی امیدواری کا اعلان کیا تھا۔ پارٹی کی ترجمان نرملا سیتارامن نے آج اِس معاملہ پر پارٹی میں اختلافات کی اطلاعات کی اہمیت کم کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہاکہ مسئلہ کی یکسوئی پرامن اور خاموشی سے ہوگی۔ پارٹی میں کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ اگر کچھ باتیں ہوئی بھی ہیں تو اِن کا داخلی طور پر حل تلاش کرلیا جائے گا۔