نئی دہلی 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج کہاکہ وہ گجرات کے سراغ رسانی تنازعہ کی سی بی آئی تحقیقات کا جائزہ صرف اُس وقت لے گی جبکہ معطل آئی اے ایس عہدیدار پردیپ شرما کے مودی کے خلاف عائد کردہ سنگین الزامات کی تحقیقات مکمل ہوجائے گی۔ سپریم کورٹ نے فی الحال اِن الزامات کو شرما کی درخواست سے حذف کرنے کی ہدایت دی۔ سپریم کورٹ نے شرما کی یہ درخواست بھی قبول نہیں کی کہ اُسے اپنی بیوی اور بیٹے سے ملاقات کے لئے امریکہ جانے کی اجازت دی جائے جو امریکی شہری ہیں۔
راہول کے بارے میں کانگریس کے فیصلہ کو لالو کی حمایت
پٹنہ 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آر جے ڈی کے صدر لالو پرساد نے آج راہول گاندھی کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد نہ کرنے کے کانگریس کے فیصلہ کی تائید کی اور کہاکہ یہ ملک کی جمہوری روایات کے مطابق ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کیا کانگریس نے کبھی قبل ازوقت وزارت عظمیٰ کے امیدوار کو نامزد کیا تھا۔ پھر اِس بار اِس کا مطالبہ کیوں کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے راہول گاندھی کو ایک بہترین شخص قرار دیتے ہوئے کہاکہ وہ کانگریس کے ساتھ آئندہ پارلیمانی انتخابات کے لئے اتحاد قائم کرنے کوشاں ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی راہول گاندھی کی شخصیت کے قریب بھی نہیں پہونچ سکتے۔ عام آدمی پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے لالو نے کہاکہ بیہودہ حرکتیں اور بیانات اِس ملک کو غلط سمت میں لے جائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ جنتا دربار منعقد نہیں کرسکے اور بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں۔ وہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔