ڈگ وجئے سنگھ کی جانب سے چیف منسٹر دہلی کی ستائش، نئی حکومت اپنا وعدہ پورا کرے : شکیل احمد
نئی دہلی ۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی انتخابات میں متاثرکن کامیابی کے بعد اروند کجریوال کی تعریف و تحسین جاری رکھتے ہوئے کانگریس لیڈر ڈگ وجئے سنگھ نے آج کہا کہ بی جے پی وزارت عظمیٰ امیدوار نریندر مودی کو عام آدمی پارٹی لیڈر سے کفایت شعاری اور آداب سیکھنے چاہئے۔ ڈگ وجئے سنگھ نے دہلی اسمبلی میں کانگریس کی تائید سے کجریوال حکومت کی تحریک اعتماد میں کامیابی کے بعد ٹوئٹر پر لکھا کہ مودی کو کجریوال اور ممتا بنرجی سے اعتدال پسندی اور اخلاق سیکھنے چاہئے جو ویاگن آر اور ماروتی آلٹو استعمال کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیا نانو استعمال نہیں کی جاسکتی؟ جس وقت اناہزارے نے کرپشن کے خلاف احتجاج شروع کیا تھا ڈگ وجئے سنگھ نے کجریوال اور ان کی ٹیم کو شدید تنقیدوں کا نشانہ بنایا لیکن دہلی میں عام آدمی پارٹی کی کامیابی کے بعد سے وہ مسلسل کجریوال کی تعریف کررہے ہیں۔ ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ دہلی میں بی جے پی کیلئے نریندر مودی نے جہاں جہاں مہم چلائی وہاں پارٹی امیدوار شکست سے دوچار ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی آئندہ انتخابات میں دہلی میں بہت زیادہ ریالیوں کو خطاب کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ بی جے پی کا نقصان ہوسکے۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری و انچارج دہلی امور شکیل احمد نے بھی کجریوال کی تعریف کی اور انہوں نے یہ دلیل مسترد کردی کہ نریندر مودی کی پیشرفت روکنے کے مقصد سے کانگریس نے عام آدمی پارٹی کی تائید کی ہے۔ انہوں نے تحریک اعتماد میں کامیابی پر عام آدمی پارٹی کو مبارکباد دی لیکن یہ بھی یاد دلایا کہ انتخابات سے پہلے کئے گئے وعدوں کو اسے پورا کرنا چاہئے۔ شکیل احمد نے کہا کہ ہم نے اپنا وعدہ پورا کیا اور ہمارے تمام 8 ارکان اسمبلی نے عام آدمی پارٹی کی تشکیل حکومت میں تائید کی۔ اب عام آدمی پارٹی کو عوام سے کئے گئے وعدے پورا کرنا چاہئے۔
صحیح سمت میں سفر جاری : ہزارے
اناہزارے نے دہلی اسمبلی میں تحریک اعتماد جیتنے پر اروند کجریوال کو مبارکباد دی اور کہا کہ وہ صحیح سمت میں جارہے ہیں لیکن انہوں نے خبردار کیا کہ عام آدمی پارٹی کو کافی طویل سفر طئے کرنا ہے۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن پر قابو پانے کیلئے سخت قوانین ضروری ہے اور انہیں یقین ہیکہ اروند کجریوال اس ضمن میں ضروری اقدامات کریں گے۔
کجریوال کے خلاف عدالت میں درخواست
دہلی ہائیکورٹ میں آج چیف منسٹر اروند کجریوال وزیرتعلیم منیش سیسوڈیا اور عام آدمی پارٹی کے خلاف مفادعامہ کی درخواست دائر کرتے ہوئے سی بی آئی کو مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دینے کی خواہش کی ہے۔ درخواست میں کہا گیا کہ انتخابی منشورمیں جھوٹے وعدے کرتے ہوئے انہوں نے مبینہ طور پر عوام کو گمراہ کیا ہے۔ درخواست گذار کے وکیل ایم ایل شرما نے کہا کہ اس شکایت پر عدالت کو دستوری امور کا جائزہ لینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹے وعدے اور دھوکہ دہی کے ذریعہ ووٹ حاصل کرنا اعتماد شکنی ہے یا نہیں اس کا فیصلہ عدالت کرے گی۔ یہی نہیں بلکہ چیف منسٹر کے آفس کا جھوٹے وعدوں کے ذریعہ بیجا استعمال اور سیاسی فائدہ حاصل کرنا کرپشن کی تعریف میں آتا ہے یا نہیں، یہ بھی فیصلہ عدالت کرے گی۔ درخواست گذار نے برقی شرحوں میں 50 فیصد کمی سے متعلق عام آدمی پارٹی حکومت کے بیان پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔ انتخابی منشور میں کئے گئے وعدہ کے مطابق 29 ڈسمبر تک جن لوک پال کے قیام میں عام آدمی پارٹی حکومت کی ناکامی کا بھی حوالہ دیا گیا۔