مودی کو وزیراعظم ہند بنائے رکھنا عمران کی خواہش کیوں؟

چدمبرم کا سوال ۔ اپوزیشن مسعود اظہر پر تحدیدات سے خوش نہیں: جیٹلی
نئی دہلی 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس خوش ہے کہ جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دیتے ہوئے کامیابی سے نتیجہ اخذ کیا گیا ہے۔ کانگریس قائد پی چدمبرم نے آج یہ کہتے ہوئے سوال کیاکہ عمران خان نریندر مودی کو وزیراعظم ہندوستان کیوں برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ چدمبرم نے کہاکہ مسعود اظہر پر تحدیدات ہندوستان کی بڑی سفارتی کامیابی ہے۔ اقوام متحدہ نے مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دیا جبکہ چین نے اُن پر امتناع عائد کرنے کی تجویز کی مخالفت سے دستبرداری اختیار کرلی۔ اِس تبدیلی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے چدمبرم نے کہاکہ مسعود اظہر حقیقت میں بی جے پی حکومت کی جانب سے رہا کئے گئے تھے جبکہ انڈین ایرلائنز کا طیارہ اغواء کیا گیا تھا۔ مسعود اظہر نے ممبئی دہشت گرد حملے کی سازش تیار کی تھی۔ اُنھیں عالمی دہشت گرد قرار دینے کی تجویز سب سے پہلے کانگریس / یو پی اے نے 2009 ء میں پیش کی تھی۔ ہمیں خوشی ہے کہ یہ طریقہ کار کامیابی سے تکمیل پذیر ہوا۔ لیکن میں یہ سوال کرنا چاہتا ہوں کہ وزیراعظم پاکستان مودی کو ہندوستان کا وزیراعظم کیوں برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ اُنھوں نے اپنے ٹوئٹر پر مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی سے یہ سوال کیا جبکہ اقوام متحدہ کی جانب سے جیش محمد کے سربراہ کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کو ہندوستان کی سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے بی جے پی نے کہاکہ اپوزیشن پارٹیاں اِس کارنامے پر جشن منانے سے گریز کررہی ہیں کیوں کہ انھیں شاید اِس کی سیاسی قیمت چکانی ہوگی۔ اقوام متحدہ کی تحدیدات کمیٹی نے چہارشنبہ کے دن جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دیا ہے جبکہ چین نے اِن پر امتناع عائد نہ کرنے کی اپنی تجویز واپس لے لی۔ بی جے پی کے سینئر قائد مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے کہاکہ موجودہ حکومت اپنی کوشش میں کامیاب ہوگئی جبکہ یہ کوشش گزشتہ 10 سال سے جاری تھی لیکن اُنھوں (اپوزیشن) نے اِس کی یہ کہتے ہوئے مخالفت کی کہ یہ کوئی بڑی بات نہیں ہے۔ ایک پریس کانفرنس سے پارٹی کے دفتر پر خطاب کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ ہمارے ملک کی یہ روایت رہی ہے کہ ایک ہی آواز میں مسائل کی بات کریں، جیسے کہ بیرونی اور قومی سلامتی کے مسائل ۔ لیکن ہم نے اِس طریقہ کار سے مختلف طریقہ اختیار کیا ہے۔