مودی کو مسلم خواتین کی فکر، بی جے پی ارکان اسمبلی توہین میں ملوث

شیوسینا کے ترجمان ’سامنا‘ کا اداریہ ۔ کدم بی جے پی کے ’’خلجی‘‘

ممبئی 7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا نے مہاراشٹرا کے بی جے پی رکن اسمبلی رام کدم کو تیرہویں صدی کے دہلی سلطان علاء الدین خلجی کے مماثل قرار دیا کیوں کہ اُنھوں نے نوجوانوں سے کہا ہے کہ وہ کسی بھی لڑکی کو پسند کرلیں، وہ اُس کا اغواء کرلیں گے۔ اُنھوں نے اُن کے اِس بیان پر پارٹی کی خاموشی پر بھی اعتراض کیا۔ شیوسینا نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی کو مسلم خواتین کو طلاق ثلاثہ سے نجات دلوانے کی بہت فکر ہے اور مہاراشٹرا میں اُن کی پارٹی کے ارکان اسمبلی ریاست کی خواتین میں دہشت کی لہر پیدا کررہے ہیں۔ رانی پدماوتی نے ہزاروں راجپوت خواتین کے ساتھ اپنی عزت، وقار اور مذہب بچانے کے لئے جوہر کی رسم ادا کی تھی جبکہ علاء الدین خلجی ہندوستانی خواتین میں دہشت کی لہر دوڑا رہے تھے لیکن ایسا معلوم ہوتا ہے کہ مہاراشٹرا کی خواتین کے لئے بھی اب جوہر کی رسم ادا کرنے کا وقت آگیا ہے کیوں کہ بی جے پی کا خلجی مہاراشٹرا کی خواتین کو اِس پر مجبور کررہا ہے۔ شیوسینا کے ترجمان ’سامنا‘ کے اداریہ کے بموجب میوار کی رانی پدماوتی نے جوہر (خودسوزی) کی رسم دیگر ہزاروں خواتین کے ساتھ چتور گڑھ میں ادا کی تھی تاکہ علاء الدین خلجی نے 1303 ء میں قلعہ پر حملہ کردیا تھا اور وہ اپنی عزت بچانا چاہتی تھیں۔ بی جے پی رکن اسمبلی رام کدم چیف منسٹر کے پسندیدہ ترین رکن اسمبلی ہیں۔ اُنھوں نے پرتکبریہ الفاظ ادا کرتے ہوئے خواتین کے بارے میں اپنے تکبر کا اظہار کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ جس لڑکی کو آپ پسند کرتے ہیں میں اُس کا اغواء کرلوں گا اور تمہارے حوالے کردوں گا۔ وہ مہاراشٹرا میں جس قسم کا کلچر پیدا کررہے ہیں، اودھو ٹھاکرے زیرقیادت پارٹی نے الزام عائد کیاکہ بی جے پی اِس قسم کے افراد کی حوصلہ افزائی کرتی ہے جو خواتین کاشتکاروں اور فوجیوں کی بیوی کے بارے میں بدگوئی کرتے ہیں۔
ایسے افراد کو چھترپتی شیواجی مہاراج کا نام لے کر ریاست پر حکومت کرنے کا کوئی اختیار حاصل نہیں ہے۔ بی جے پی آخر ریاست کے نوجوانوں کو کیا پیغام دینا چاہتی ہے۔ کیا یہی پارٹی کی ہندوتوا اور اِس کا تمدن ہے۔ ایسا یقینا ہوگا اگر آپ اقتدار کی ہوس میں انتخابات جیتنے کے لئے اپنے جسم پر گندگی ملیں گے۔ گزشتہ پانچ سال سے آپ نے جو کچھ بویا ہے اب اُسے کاٹنے کا وقت آگیا ہے۔ لارڈ کرشنا خواتین کے محافظ تھے اور اتفاق سے بی جے پی رکن اسمبلی نے اُن کے یوم پیدائش پر خواتین مخالف تبصرہ کیا ہے۔