مودی کو روکنے کیلئے مسلمان متحد ہوجائیں: اعظم خان

لکھنو 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے وزیر محمد اعظم خان نے آج کہاکہ مسلمانوں کے ووٹوں کی تقسیم کے لئے بہت بڑی سازش کی جارہی ہے اور اُنھوں نے مسلم برادری پر زور دیا کہ وہ نریندر مودی کو وزیراعظم کے عہدہ پر فائز ہونے سے روکنے کے لئے آپس میں متحد ہوجائیں۔ محمد اعظم خان نے مدرسہ منیجرس اور پرنسپالس کی ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’’مسلمانوں کے ووٹوں کی تقسیم کے لئے ایک بہت بڑی سازش کی جارہی ہے۔ اگر آپ منقسم ہوجاتے ہیں تو نریندر مودی (مرکز میں) آئندہ حکومت قائم کریں گے۔ چنانچہ اُنھیں روکنے کے لئے ہمیں متحد رہنا ہوگا۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ اِس ریاست میں جب کبھی سماج وادی پارٹی کی حکومت قائم کی گئی چند طاقتور عناصر اِس پارٹی کو بدنام کرنے کے مقصد سے سازشیں رچایا کرتے ہیں۔

میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے اعظم خان نے الزام عائد کیاکہ وہ مظفر نگر فسادات کے زخموں کو کو مندمل ہونے کا موقع دینے کے بجائے ہمیشہ تازہ رکھنے کی کوشش کررہا ہے۔ مودی کو قاتل قرار دیتے ہوئے اعظم خان نے کہاکہ ایسا شخص کبھی وزیراعظم نہیں بن سکتا۔ راجندر سچر کمیٹی کی سفارشات کا حوالہ دیتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ اِس میں مسلمانوں کیلئے تحفظات کی وکالت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ مسلمانوں کے لئے دلتوں سے زیادہ فلاحی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ مرکزی حکومت کو چاہئے کہ وہ تحفظات کے لئے بِل پیش کرے۔ جس سے سب کے ارادے واضح ہوجائیں گے۔ اُنھوں نے بے قصور مسلمانوں کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات سے دستبرداری کی بھرپور مدافعت کی۔