مودی کو دیانتدار قرار نہیں دیا گیا وکی لیکس کی وضاحت

نئی دہلی ۔ 17 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بدعنوانیوں کو بے نقاب کرنے والے جولین اسانج کی قائم کردہ ویب سائیٹ وکی لیکس نے آج کہا ہے کہ اُس نے بی جے پی وزارت عظمیٰ امیدوار نریندر مودی کے ’’دیانتدار‘‘ ہونے کی کبھی توثیق نہیں کی ۔ وکی لیکس نے سلسلہ وار ٹوئیٹ کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا کہ اُس نے کبھی بھی نریندر مودی کو دیانتدار نہیں کہا ہے ۔ اس کے برعکس یہ کہا گیا ہے کہ وہ (مودی) اس لئے مشہور ہیں کیونکہ دیانتدار سمجھا جاتا ہے ۔

وکی لیکس کی یہ وضاحت اس پس منظر میں کی گئی کہ بعض بی جے پی حامیوں نے ایسے پوسٹرس گشت کروائے جس میں وکی لیکس بانی جولین اسانج کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ’’امریکہ مودی سے خوفزدہ ہے کیونکہ وہ دیانتدار ہیں‘‘۔وکی لیکس کے مطابق کسی بھی دستاویز میں یہ نہیں کہا گیا کہ مودی دیانتدار ہیں بلکہ وہ اس لئے مشہور ہیں کیونکہ انھیں دیانتدار سمجھا جاتا ہے ۔ بی جے پی نے تاہم وکی لیکس ٹوئٹ کی اہمیت کو کم کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مودی جی کیلئے وکی لیکس یا اسانج کی سند کی ضرورت نہیں ہے ۔ بی جے پی لیڈر مختار عباس نقوی نے کہاکہ نریندر مودی کی امیج سارے ملک میں کافی اچھی ہے اور ہمیں کسی کی سند کی ضرورت نہیں ہے ۔

مودی کی کوئی لہر نہیں : ملائم
ایٹاوہ (یوپی ) ۔ 17 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک میں نریندر مودی کی لہر کو مسترد کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو نے آج کہاکہ ملک کے عوام مرکز میں غیرکانگریسی ۔ غیربی جے پی حکومت کو منتخب کریں گے ۔ انھوں نے آبائی گاؤں سیفائی میں ہولی کے موقع پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا مودی ، مودی کا راگ الاپ رہا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ ملک میں مودی کی کوئی لہر نہیں ہے ۔ لوک سبھا انتخابات کے بعد نریندر مودی حکومت قائم کرنے کے موقف میں نہیں ہوں گے ۔