مودی کو حد سے زیادہ خود اعتماد ی کے خلاف مشورہ

نئی دہلی 19 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ابتداء میں نریندر مودی کو وزارت عظمی امیدوار نامزد کرنے کی مخالفت کرنے والے ایل کے اڈوانی نے آج ان کی ستائش کی تاہم انہیں مشورہ دیا کہ وہ حد سے زیادہ خود اعتمادی کا شکار نہ ہوں کیونکہ اسی وجہ سے پارٹی کو 2004 میں اقتدار برقرار رکھنے میں ناکامی ہوئی تھی ۔ اڈوانی نے بی جے پی قومی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اتنا جوش و جذبہ اور خود اعتمادی پہلے کبھی نہیں دیکھی تھی ۔ وہ پارٹی صدر راج ناتھ سنگھ اور دوسروں کو مبارکباد دیتے ہیں جنہوں نے مودی کو وزارت عظمی امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا تھا ۔

انہوں نے مودی کی قیادت میں گذشتہ پانچ تا چھ ماہ سے جاری مہم کی ستائش کی اور کہا کہ انہوں نے کسی اور لیڈر کو اتنی بھاری تعداد میں ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے نہیں دیکھا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ مودی نے 77 ریلیوں سے خطاب کیا ہے اور بہت جلد 100 پورے ہوجائیں گے ۔ انہوں نے تاہم احتیاط کا بھی مشورہ دیا اور کہا کہ ہم 2004 میں لوک سبھا انتخابات میں اسی لئے شکست کھا گئے کیونکہ ہم حد سے زیادہ خود اعتمادی کا شکار ہوگئے تھے ۔ اس بات انتخابات میں ہمیں یہ یقینی بنانا ہے کہ ہم حد سے زیادہ خود اعتمادی کا شکار نہیں ہونگے اور انتخابات صرف اعتماد کے ساتھ لڑیں گے ۔

بی جے پی منشیات و قحبہ گری کی حمایت کر رہی ہے : عام آدمی پارٹی
نئی دہلی 19 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی نے آج بی جے پی پر جوابی تنقید شروع کی ہے اور کہا کہ پارٹی نشیلی ادویات کے استعمال اور قحبہ گری کی مدد کر رہی ہے ۔ عام آدمی پارٹی لیڈر سنجے سنگھ نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ بہبودی خواتین و اطفال کی وزیر راکھی برلا اور وزیر قانون سومناتھ بھارتی منشیات کے استعمال اور قحبہ گری کے خلاف اور خواتین کے تحفظ کیلئے لڑ رہے ہیں۔ ان کی تائید و حمایت کرنے کی بجائے بی جے پی قحبہ گری اور منشیات کے استعمال کی حمایت کر رہی ہے ۔