باغپت (یو پی) ، 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی نے آج آر ایس ایس کے ساتھ اپنے روابط کے بارے میں اُن پر تنقیدوں کیلئے راہول گاندھی پر جوابی وار کرتے ہوئے کہا کہ انھیں اس نظریہ اور اصولوں پر ’’فخر‘‘ ہے جن کی بنیاد ’’قربانی اور خدمت کی قربان گاہ‘‘ پر قائم ہے۔ ’’مجھے اس حقیقت پر فخر ہے کہ میں اسی آئیڈیالوجی کی پیداوار ہوں۔ ہاں، ہماری آئیڈیالوجی ہے … ہمارا نظریہ ہے کہ سماج فیملی پر مقدم ہے … مادر ہند ہمارے لئے سب کچھ ہے۔ ہماری آئیڈیالوجی ہے کہ ہم اس ملک کیلئے جئیں گے اور مریں گے،‘‘ مودی نے یہاں جلسہ عام سے خطاب میں یہ بات کہی۔ انھوں نے کہا، ’’اور یہی وجہ ہے ، تم (کانگریس) اس آئیڈیالوجی سے لڑنہیں سکتے ہو۔ تمھاری پوری فیملی کبھی اس آئیڈیالوجی سے لڑنے میں کامیاب نہیں ہوئی ہے۔
یہ نظریہ قربانی اور خدمت کے جذبہ پر مبنی ہے‘‘۔ کانگریس منشور کی چہارشنبہ کو اجرائی کے موقع پر راہول نے مودی پر حملہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کوئی انفرادی شخص کی بات نہیں، بلکہ وہ (مودی) ایک آئیڈیالوجی کے نمائندہ ہیں اور یہ آئیڈیالوجی انتشار پسند نظریہ ہے۔ نائب صدر کانگریس نے یہ بھی کہا تھا کہ یہی آئیڈیالوجی ہے جو لوگوں ایک دوسرے سے لڑاتی ہے اور یہ اس ملک کو نقصان پہنچائے گی نیز ہر کانگریسی اس آئیڈیالوجی کو شکست دینے کیلئے جدوجہد کرے گا۔ اجیت سنگھ پر نکتہ چینی کرتے ہوئے بی جے پی کے وزارت عظمیٰ امیدوار نے کہا کہ چودھری چرن سنگھ جنھوں نے کسانوں کے کاز کیلئے لڑائی کی، اُن کے فرزند نے اپنے والد کی راہ برائے اقتدار کو ’’چھوڑ‘‘ دیا ہے۔
مودی نے کہا، ’’ہم چودھری چرن سنگھ کا احترام کرتے ہیں جو کانگریس کے خلاف لڑے تاکہ کسانوں کو فائدہ پہنچے۔ کسی بچہ کا خواب اپنے والدین کا خواب پورا کرنا ہوتا ہے۔ لیکن اُن کے فرزند نے اپنے والد کا راستہ ترک کردیا ہے۔ سماج میں بھی اگر کوئی بیٹا اپنے والد کی ڈگر چھوڑ دیتا ہے تو سماج بھی اسے قبول نہیں کرتا ہے‘‘۔ بی جے پی لیڈر نے کہا کہ اتر پردیش کو صرف اسی وقت فائدہ ہوگا جب اس ریاست کے عوام وراثتی سیاست سے چھٹکارہ پائیں، نیز یہ کہ اس بار ایک نعرہ کی ضرورت ہے کہ ایس پی، بی ایس پی اور کانگریس کو خارج کریں۔ مودی نے کہا، ’’سبکا چھٹی … سا معنی سپا (ایس پی)، با معنی بسپا (بی ایس پی) اور کا معنی کانگریس (آئی این سی)‘‘۔