مودی کا کل پہلا دورۂ کشمیر

سرینگر ۔ 2 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کے 4 جولائی کو وادی کشمیر کے دوران کے پیش نظر سکیوریٹی میں غیر معمولی اضافہ کیا گیا ہے۔ سرینگر میں پولیس اور ٹیم فوجی دستوں نے کئی مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کی ہیں اور ساتھ ہی ساتھ گاڑیوں کی جانچ پڑتال بھی جاری ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ عسکریت پسندوں کی کسی بھی تخریبی کارروائی کو قبل از وقت ناکام بنانے کے مقصد سے کاروں اور موٹر سائیکلوں کو روک کر ان کی تلاشی لی جارہی ہے۔ شہر کے علاوہ سرینگر ۔ بارہمولہ ۔ اوری روڈ پر بھی پولیس کی بھاری جمیعت تعینات کی گئی ہے تاکہ وزیر اعظم کے دورہ کا پرامن طور پر اختتام عمل میں ائے ۔ یاد رہے کہ وادی کی اہم علحدگی پسند جماعتوں نے وزیراعظم کے دورہ کے خلاف عام ہڑتال کا اعلان بھی کیا ہے اور اس اعلان کے پیش نظر سکیوریٹی میں غیر معمولی اضافہ کیا گیا ہے ۔ پروگرام کے مطابق نریندر مودی وزیراعظم کے جلیل القدر عہدہ پر فائز ہونے کے بعد پہلی بار جمعہ کے روز کشمیر پہنچ رہے ہیں جہاں وہ بارہمولہ میں 240 میگا واٹ والی اوری ۔II پاور پراجکٹ کا افتتاح کریں گے۔