بھوپال 12 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر چھتیس گڑھ مسٹر رمن سنگھ نے آج کہا کہ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی یا دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال ملک کے وزیر اعظم بننے نریندر مودی کے امکانات کو متاثر نہیں کرسکتے ۔ رمن سنگھ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی آجائیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا ۔ 2014 کے لوک سبھا انتخابات بہت قریب ہیں اور آئندہ وقتوں میں نریندر مودی مکمل اکثریت کے ساتھ ملک کے وزیر اعظم بن جائیں گے ۔ ان سے سوال کیا گیا تھا کہ آیا راہول گاندھی یا کجریوال سے ان کے امکانات متاثر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ لوک سبھا انتخابات میں چھتیس گڑھ میں بی جے پی کو 11 کے منجملہ 10 حلقوں سے کامیابی حاصل ہوئی تھی تاہم اس بات اسے تمام گیارہ نشستوں پر کامیابی ملے گی ۔
شنڈے کے ریمارکس پر تبصرہ سے شرد پوار کا گریز
ممبئی 12 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر زراعت مسٹر شرد پوار نے آج وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے کے ان ریمارکس پر تبصرہ سے گریز کیا ہے جس میں شنڈے نے کہا تھا کہ وہ مسٹر پوار کو وزیر اعظم دیکھنا چاہتے ہیں۔ آج ایک پریس کانفرنس کے دوران جب نامہ نگاروں نے شنڈے کے ریمارکس کے تعلق سے سوال کیا تو شرد پوار نے کہا کہ یہ پریس کانفرنس کرشی وسنت نمائش کا اعلان کرنے کے تعلق سے ہے اور وہ لوک سبھا انتخابات میں مقابلہ نہیں کر رہے ہیں۔ کل شنڈے نے کہا تھا کہ اگر شرد پوار وزیر اعظم بن جاتے ہیں تو انہیں خوشی ہوگی ۔ شرد پوار ان کے سیاسی گرو ہیں اور انہیں کی وجہ سے وہ سیاست میں داخل ہوئے تھے ۔ اس دوران این سی پی لیڈر طارق انور نے کہا کہ پوار وزارت عظمی کی دوڑ میں شامل نہیں ہیں۔