مودی کا وزیراعظم بنانے کا خواب پورا نہ ہوگا : ملائم

تکم گڑھ (مدھیہ پردیش) ۔ 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی صدر ملائم سنگھ یادو نے آج کہا کہ اگرچہ بی جے پی چیف منسٹر گجرات نریندر مودی کو آر ایس ایس کی ایماء پر ملک کا وزیراعظم بنانے کا خواب دیکھ رہی ہے لیکن یہ صرف ایک خواب ہی رہ جائے گا۔ انہوں نے انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2004 اور 2009ء کی طرح ان انتخابات میں بھی بی جے پی کو ذلت آمیز شکست ہوگی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی صرف مودی پر انحصار کئے ہوئے ہے کیونکہ سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کے بعد پارٹی میں اب ایسا کوئی لیڈر نہیں رہا جو سب کیلئے قابل قبول ہو۔ یہاں تک کہ سینئر پارٹی لیڈر ایل کے اڈوانی کو بھی آر ایس ایس کی ایماء پر ذلیل کیا جارہا ہے۔ ملائم سنگھ یادو نے کہا کہ مرکز میں اقتدار پر قبضہ کیلئے بی جے پی نے سماج کے تمام طبقات میں اختلافات پیدا کئے ہیں۔

خاندانی سیاست کا مغلیہ دور سے تقابل
سانگلی ۔ 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی وزارت عظمیٰ امیدوار نریندر مودی نے ’’خاندانی سیاست‘‘ کے حالات کا مغلیہ دور سے تقابل کیا۔ انہوں نے مغربی مہاراشٹرا میں ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خاندانی سیاست کی وجہ سے عام آدمی اسی طرح زندگی بسر کررہا ہے جس طرح مغلیہ دور میں گذاری جاتی تھی۔ انہوں نے صدر کانگریس سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شہزادہ جی، میڈیم سونیا جی، کسی وقت نعرہ جئے جوان جئے کسان دیا جاتا تھا لیکن آج جوان اور کسان مر رہے ہیں۔ چنانچہ اب یہ نعرہ ’’مر جوان، مر کسان‘‘ ہوگیا ہے۔