نئی دہلی ۔ 19 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : بی جے پی وزارت عظمیٰ امیدوار نریندر مودی ’ ٹوپی ‘ پہننے سے مسلسل انکار کرتے ہوئے مسلمانوں کے خلاف نفرت اور تعصب کا واضح اشارہ دے رہے ہیں ۔ کانگریس کے ترجمان ششی تھرور نے آج ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی عام بات نہیں ہے کہ وہ ٹوپی نہیں پہنتے ۔ مودی نے ہر قسم کی پگڑی پہنی ہے ۔ یہاں تک کہ انہوں نے ایک ایسے مردہ پرندہ کی پگڑی پہنی جس کی نسل معدوم ہونے کا خطرہ ہے ۔ انہوں نے ناگالینڈ کی خصوصی پگڑی پہنی اور صرف مسلمانوں کی ٹوپی پہننے سے انکار کررہے ہیں ۔ اس کے ذریعہ وہ واضح پیام دے رہے ہیں کہ مسلمانوں کی ضروریات کو وہ پورا نہیں کرسکتے ۔ وہ قوم کے سامنے اس بے رخی اور امتیازی سلوک کے اظہار کا کوئی موقع نہیں گنواتے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی کے راہول گاندھی کو شہزادے ، سیکولرازم کا برقعہ اور احمد پٹیل کی ’ میاں احمد پٹیل ‘ کے بار بار تبصرے ان کی تنگ نظر ذہنیت کی عکاسی کرتے ہیں ۔۔