احمد آباد 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کے اس الزام کے رد عمل میں کہ نریندر مودی کا او بی سی موقف ’’جعلی‘‘ ہے ،حکومت گجرات نے آج اپنے دو دہے قدیم اعلامیہ کا حوالہ دیاجو کہتا ہے کہ مودھ ۔گھانچی (تیل بنانے والے ) کا طبقہ جس سے مودی کا تعلق ہے ،دیگر پسماندہ طبقات (او بی سیز) کے زمرے میں شامل کیا گیا۔ ریاستی حکومت کے ترجمان نتن پٹیل نے کہا کہ گجرات حکومت کے محکمہ سماجی بہبود نے 25 جولائی 1994 کو ایک اعلامیہ منظور کیا تھا
جس میں 36 طبقات کو او بی سیز کے طور پر شامل کیا گیا اور نمبر(b) 25 میں مودھ ۔گھانچی برادری کا تذکرہ کیا گیا ہے جس سے نریندر مودی تعلق رکھتے ہیں۔ یہ طبقہ او بی سیز میں شامل کرلیا گیا ہے ۔ کانگریس لیڈر شکتی سنگھ گوہل نے قبل ازیں آج دہلی میں کہا کہ مودی ’’جعلی اوبی سی‘‘ ہیں۔ پٹیل نے نشاندہی کی کہ یہ اعلامیہ کافی عرصہ قبل 1994 میں جاری کیا گیا جب ریاست میں کانگریس برسر اقتدار تھی۔