نئی دہلی 24 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے ملک کے 117 لوک سبھا حلوں میں رائے دہی کے موقع پر بی جے پی لیڈر نریندر مودی کے روڈ شو کے ٹیلیکاسٹ پر ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ مودی نے آج وارناسی حلقہ سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا اور روڈ شو منعقد کیا تھا ۔ پارٹی ترجمان و مرکزی وزیر آنند شرما نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملہ پر صرف نوٹس جاری نہیں کی جانی چاہئے ۔ اس پر کارروائی کی جانی چاہئے ۔
اس روڈ شو اور اس کے ٹیلیکاسٹ میں حصہ لینے والے تمام بی جے پی قائدین بشمول وارناسی امیدوار کے خلاف ایف آئی آر درج کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ مودی کا روڈ شو اور ان کا پرچہ نامزدگی کا ادخال انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے اور یہ بی جے پی کے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کیا گیا ہے ۔ اس کا مقصد جن 117 حلقوں میں رائے دہی ہو رہی ہے وہاں رائے دہندوں پر اثر انداز ہونا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں قانون بہت واضح ہے کہ رائے دہی کے دن مہم نہیں چلائی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے صبح 8 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک یہ پروگرام منعقد کیا اور اس کا واضح مقصد یہی تھا کہ کسی طرح رائے دہندوں پر اثر انداز ہوا جائے ۔
وارناسی سے پرچہ داخل کرنے پر مودی کو جوشی کی مبارکباد
کانپور 24 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر بی جے پی لیڈر مرلی منوہر جوشی نے پارٹکی کے وزارت عظمی امیدوار نریندر مودی کو وارناسی حلقہ سے پرچہ نامزدگی داخل کرنے پر مبارکباد دی ہے اور ادعا کیا کہ اس حلقہ سے مودی کی کامیابی یقینی ہے ۔ جوشی نے بی جے پی کے دفتر سے جاری کردہ ایک مکتوب میں کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ مودی نے وارناسی سے اپنا پرچہ داخل کیا ہے اور وہ تمام رائے دہندوں سے خواہش کرتے ہیں کہ وہ مودی کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ آج کانپور میں اپنی انتخابی مہم میں مصروف تھے اس لئے چاہتے ہوئے بھی مودی کی ریلی اور روڈ شو میں شریک نہیں ہوسکے ۔ وہ آئندہ یہاں پہونچنے کی کوشش کرینگے ۔ مرلی منوہر جوشی پہلے اس حلقہ سے بی جے پی کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے اور آج وہ مودی کی ریلی میں شریک نہیں ہوئے ۔