احمدآباد ۔ 19 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی 21 اور 22 ڈسمبر کو گجرات کے دو روزہ دورے پر ہوں گے تاکہ اسٹیٹ پولیس سربراہوں کی سالانہ کانفرنس میں حصہ لیں اور بی جے پی ویمنس ونگ ورکرز سے خطاب کرسکیں، عہدیداروں نے آج یہ بات کہی۔ آل انڈیا کانفرنس آف ڈائریکٹرز جنرل ؍ انسپکٹرز جنرل آف پولیس 20 ڈسمبر سے ضلع نرمدہ میں واقع مجسمہ اتحاد کے قریب منعقد شدنی ہے۔ یہ سہ روزہ ایونٹ 20 ڈسمبر کو مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کی موجودگی میں شروع ہوگا۔ ریاستی حکومت کے مطابق مودی 21 ڈسمبر کو اس میٹ میں شرکت کریں گے۔ بی جے پی کے مطابق 22 ڈسمبر کو مودی گاندھی نگر میں موضع ادالج کے قریب ٹمپل کامپلکس تریمندر میں پارٹی کے مہیلا مورچہ کے نیشنل کنونشن کے آخری روز کے دوران پارٹی کے ویمنس ونگ ورکرز سے خطاب کریں گے۔
پی ڈی پی سے خارج دو قائدین نیشنل کانفرنس میں شامل
سرینگر ۔ 19 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی سے اخراج کے ایک دن بعد سابق وزراء بشارت بخاری اور پیر محمد حسین نے چہارشنبہ کو نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی۔ ان دو قائدین کو صدر پی ڈی پی محبوبہ مفتی نے پارٹی کے نائب صدر عبدالرحمن ویری کی زیرصدارت ایک تادیبی کمیٹی کی سفارش پر منگل کو پارٹی سے خارج کردیا تھا۔ بخاری اور حسین نے نیشنل کانفرنس میں پارٹی صدر فاروق عبداللہ کی قیامگاہ پر پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔