مودی کا خواب ٹوٹا، جوشی آرسی اے کے صدر

جے پور۔2جون (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کرکٹ اسوسی ایشن (آرسی اے ) کے انتخابات میں کانگریس کے ڈاکٹر سی پی جوشی نے آئی پی ایل کے سابق چیئرمین للت مودی کے بیٹے روچر مودی کو پانچ ووٹوں سے شکست دے کر دوسری مرتبہ صدر کا عہدہ حاصل کیا وہیں ان انتخابات میں مودی گروپ نے دو اہم عہدوں پر کامیابی حاصل کی ہے ۔آرسی اے کے صدر کے عہدے کے لئے ہوئے انتخابات میں ڈاکٹر جوشی کو19  اور ان کے حریف روچر مودی کو14  ووٹ ملے ۔آرسی اے کے چھ عہدوں کیلئے ہوئے انتخابات میں جوشی گروپ کو چار عہدے حاصل ہوئے ہیں اور دو اہم عہدوں سیکرٹری اور خزانچی کے عہدے پر مودی گروپ کے آر ایس ناندو اور خزانچی کے عہدے پر پنکیش کمار جین نے کامیابی حاصل کی۔جوشی کی اس جیت سے آئی پی ایل کے سابق چیئرمین اورآرسی اے کے سابق صدر للت مودی خیمے کو زبردست جھٹکا لگا ہے ۔ دراصل، سی پی جوشی کا راست مقابلہ للت مودی کے بیٹے روچر مودی سے تھا۔22 سالہ روچر مودی تمام جوڑ توڑ کے باوجود اپنے والد کی امیدوں پر کھرا نہیں اتر سکے اور انتخابات میں انہیں شکست ہوئی ۔انتخابات کے نتائج کے مطابق نائب صدر کے عہدہ پر محمد اقبال، سیکرٹری کے عہدے پر آر ایس ناندو، خزانچی پکنیش کمار جین، جوائنٹ سکریٹری مہندر ناہر، ایگزیکٹو رکن کرشن کمار نماوت نے کامیابی حاصل کی۔