مودی کا تشہیری حربہ : کانگریس

نئی دہلی ۔ 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس پارٹی نے گاؤرکھشا کے نام پر ہلاکتوں میں ملوث رہنے والوں کو وزیراعظم نریندر مودی کا انتباہ مسترد کردیا اور کہا کہ یہ صرف ایک دکھاوا اور تشہیری حربہ ہے۔ کانگریس نائب صدر راہول گاندھی نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کا یہ بیان کہ گاؤرکھشا کے نام پر ہلاکتیں قابل قبول نہیں ہیں، صرف زبانی جملہ ہے اور عملی طور پر کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔ انہوں نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ تاخیر سے صرف ایک جملہ ادا کردیا گیا۔ عملی طور پر اس کا کوئی ثبوت نہیں دیا گیا۔ سینئر کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد نے اے آئی سی سی اجلاس میں مودی کے ریمارکس کو ایک اور تشہیری حربہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بیان کوئی معنی نہیں رکھتا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ریاستی حکومتوں یا وزیراعظم نے گذشتہ تین سال کے دوران کوئی کارروائی نہیں کی۔ ان کے بیان پر یقین نہیں کیا جاسکتا۔ یہ صرف ایک دکھاوا ہے۔ حکومت نے اب تک کوئی عملی کام نہیں کردکھایا ہے ۔