مودی کا تبصرہ ناکامی سے توجہ ہٹانے کی کوشش:کانگریس

نئی دہلی6مئی (سیاست ڈاٹ کام )کانگریس نے سابق وزیراعظم راجیوگاندھی کے بارے میں وزیراعظم نریندرمودی کے تبصرے کی سخت مذمت کرتے ہوئے پیر کو کہا کہ ان کی حکومت ہر مورچے پر ناکام رہی ہے اور اس سے توجہ ہٹانے کے لئے وہ بے تکی باتیں کررہے ہیں۔کانگریس سینئر لیڈر سیم پترودا،نوجوت سنگھ سدھو اور جے ویر سنگھ گل نے یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ مودی حکومت نے سرکاری کمپنیوں کو برباد کرکے پرائیویٹ کمپنیوں کو آباد کیا ہے اور مودی ہر محاذ پر ناکام رہے ہیں ۔اس لئے ملک کے لئے شہید ہونے والے سابق وزیراعظم کا احترام کرنا بھی بھول گئے ہیں۔پٹروڈا نے کہا کہ مودی نے گاندھی کی زمین سے ملک کے سابق وزیراعظم کے لئے ایسا تبصرہ کیاہے ،جس پر سوچا بھی نہیں جاسکتا۔ مودی چار مراحل کے انتخابات میں یقینی طورپر ہار دیکھ کر صبر کھوبیٹھے ہیں اور اب بوکھلاہٹ میں اس حد تک گر کر تبصرہ کررہے ہیں۔