انتخابی وعدوں کی تکمیل سے قاصر ،سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی تنقید
نئی دہلی ۔ 26 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی حکومت پر اپنی سخت ترین تنقید میں سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے کہا کہ نریندر مودی کا دورہ اقتدار ہندوستان کیلئے اچھا نہیں ہے۔ یہ اپنے انتخابی وعدوں کی تکمیل سے قاصر رہا ہے اور حکومت خاموش ہے حالانکہ فرقہ وارانہ تشدد، ہجومی تشدد اور گاؤرکھشکوں کے مظالم جاری ہیں۔ منموہن سنگھ نے کانگریس قائد ششی تھرور کی نئی تصنیف کا رسم اجراء انجام دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ یونیورسٹیوں اور قومی اداروں جیسے سی بی آئی کی فضاء مسموم اور ناراضگی سے پُر کردی گئی ہے۔ ان کا تبصرہ سی بی آئی کے جاریہ بحران کے پیش نظر اہمیت رکھتا ہے جس میں انہیں اختیارات سے محروم کردیا گیا اور حکومت نے انہیں جبری رخصت پر روانہ کردیا۔ مودی پر سخت ترین تنقید کرتے ہوئے منموہن سنگھ نے کہا کہ انہیں ہندوستان میں ان کے بلند بانگ تیقنات کی بناء پر منتخب کیا تھا لیکن انہوں نے رائے دہندوں کو دھوکہ دیا۔