نئی دہلی ۔ 19 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) نئی کابینہ میں عہدوں کے لئے زبردست دوڑ دھوپ شروع ہوچکی ہے کیونکہ نریندر مودی کو کل این ڈی اے لیڈر اور بی جے پی پارلیمانی پارٹی لیڈر منتخب کرلیا جائے گا ۔ نریندر مودی اس انتخاب کے بعد صدر جمہوریہ پرنب مکرجی سے ملاقات کریں گے اور توقع ہے کہ اندرون ایک ہفتہ وہ بحیثیت وزیراعظم حلف لیں گے ۔ بی جے پی کے سرکردہ قائدین بشمول راجناتھ سنگھ ، سشما سوراج ، ارون جیٹلی ، نتن گڈکری ، مرلی منوہر جوشی اور وینکیا نائیڈو نئی کابینہ میں جگہ حاصل کرنے کے لئے دوڑ دھوپ کرتے دیکھے جارہے ہیں۔ حلیف پارٹیوں شیوسینا ، تلگودیشم ، اکالی دل اور ایل جے پی کا بھی یہی حال ہے ۔ بی جے پی کے 282 نومنتخبہ لوک سبھا اور پارٹی کے راجیہ سبھا ارکان کل دوپہر میں پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں جمع ہوں گے جہاں 63 سالہ مودی کو پارٹی لیڈر منتخب کرلیا جائے گا ۔
اس کے فوری بعد وہ حلیف جماعتوں کے قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کریں گے جس میں مودی کو این ڈی اے اتحاد کا لیڈر منتخب کیا جائیگا ۔ اس اتحاد کا ایک وفد صدر جمہوریہ سے ملاقات کرتے ہوئے دو پارلیمانی گروپس کے فیصلوں سے واقف کروائے گا ۔ اس طرح صدرجمہوریہ کے لئے مودی کو تشکیل حکومت کی دعوت کی راہ ہموار ہوگی ۔ انتخابی نتائج کے تیسرے دن بھی آج تشکیل حکومت کے سلسلے میں کافی سرگرمی جاری رہی اور خود مودی نے کئی قائدین سے ملاقاتیں کیں۔ انھوں نے مبارکباد دینے والے عالمی قائدین سے ٹوئٹر پر اظہارتشکر کیا۔