امیٹھی۔ 4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی پر راست تنقید کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ جب ملک کے عوام کو سنگین برقی بحران اور ترکایوں کی قیمتوںمیں اضافہ کے مسائل کا سامنا ہے وہ جاپان میں سامع نوازی ( ڈرمس بجانے ) میں مصروف تھے ۔ نائب صدر کانگریس نے کہا کہ نریندر مودی نے بلند بانگ دعوے کرتے ہوئے اقتدار حاصل کیا تھا تاہم ان کی حکومت نے ابھی تک ان وعدوں کی تکمیل پر کام شروع نہیں کیا ہے حالانکہ اسے اقتدار ملے 100 دن پورے ہوچکے ہیں۔ راہول گاندھی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بلند بانگ دعوے کئے تھے لیکن نتائج کہاں ہیں ؟ ۔ ہوسکتا ہے کہ وہ لوگ وعدے فراموش کرچکے ہوں اس لئے وہ انہیں یاد دہانی کروا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ ملک کو بدل دینگے ۔ قیمتوں میں کمی کرینگے اور کرپشن میں کمی آئے گی۔ اب 100 دن پورے ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان وعدوں کی تکمیل کیلئے کم از کم کام اب شروع کردینا چاہئے۔
راہول کی کوئی نہیں سنتا : امیت شاہ
نئی دہلی۔ 4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کی وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کے جواب میں کہا کہ راہول گاندھی کی بات خود اُن کی پارٹی میں کوئی نہیں سنتا۔ ڈگ وجئے سنگھ کے اس بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہ کانگریس کو لوک سبھا انتخابات میں شکست اس لئے ہوئی کیونکہ راہول گاندھی خاموش تھے ۔ صدر بی جے پی نے کہا کہ راہول خاموش تھے اور یہ پارٹی کیلئے اچھا ہوا ورنہ کانگریس 44 نشستوں پر بھی کامیابی حاصل نہیں کرپاتی۔ وزیر پارلیمانی اُمور ایم وینکیا نائیڈو نے بھی راہول گاندھی کے ریمارکس کو مسترد کردیا۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ راہول گاندھی کی بات خود ان کی پارٹی میں نہیں سنی جاتی پھر ہمیں کیوں سننا چاہئے۔ بی جے پی نائب صدر مختار عباس نقوی نے کہا کہ کانگریس گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں عوام کا فیصلہ قبول کرنے کیلئے تیار نہیں۔ بی جے پی ترجمان للیتا کمارا منگلم نے کہا راہول گاندھی کو یہ جان لینا چاہئے کہ حکومت نے مہنگائی پر قابو کیلئے اقدامات شروع کردیئے ہیں۔