مودی پر پارلیمانی اداروں کی اہمیت گھٹانے کا سی پی آئی کا الزام

نئی دہلی 18 جون (سیاست ڈاٹ کام ) سی پی آئی کے رکن پارلیمنٹ ڈی راجہ نے آج بی جے پی کے سرپرست ایل کے اڈوانی کے ہندوستان میں ایمرجنسی کے دوبارہ نفاذ کے اندیشوں سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت پارلیمانی اداروں اور دیگر دستوری اداروں کی اہمیت کم کررہی ہے ۔ اڈوانی کے اس مسئلہ پر تبصرہ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے جاننا چاہا کہ بی جے پی کے سینئر قائد کے ذہن میں کون تھا جبکہ وہ ایمرجنسی کے امکانی نفاذ کا اندیشہ ظاہر کررہے تھے۔ سی پی آئی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ انہیں کھل کر بات کرنی چاہئے اگر وہ یہ مسئلہ اٹھانے کے سلسلہ میں سنجیدہ ہے انہوں نے کہا کہ کم از کم آنجہانی اندرا گاندھی کے دور میں ایمرجنسی نافذ کی گئی تھی جس کیلئے اپوزیشن نے اُن پر الزام عائد کیا تھا اب یہ خوف بی جے پی کے داخلی حلقہ سے ظاہر کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ حصول اراضی قانون تیسری بار بھی منظور نہیںکیا جاسکا اس لئے حکومت نے تیسری بار آرڈیننس مدون کیا ہے ۔ آر ایس ایس اور سنگھ پریوار نے سیکولرزم اور ملک کے دستوری تانے بانے پر تنقید کرتے ہوئے بیانات جاری کئے ہیں۔ کیا اڈوانی کا اشارہ ان ہی باتوں کی طرف ہے ۔ دریںاثناء عام آدمی پارٹی کے سربراہ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے آج بی جے پی کے سرپرست ایل کے اڈوانی کے ساتھ اتفاق کیا کہ ملک میں دوبارہ ایمرجنسی کا نفاذ خارج ازامکان قرار نہیں دیا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کی حکومت کے بارے میں سمت میں پہلا تجربہ کیا گیا ہے ۔ کجریوال نے لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ اور مرکزی حکومت کے ساتھ اعلی سطحی عہدیداروں کے علاوہ حکومت دہلی کے اختیارات جو انسداد کرپشن بیورو کے بارے میں ہیں ‘ کے سلسلہ میں تنازعہ کھڑا کیا ہے ۔