مودی پر وسندھرا راجے کی تنقید !

جئے پور ۔ /9 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے نے کہا کہ اگر ’’ کوئی شخص ‘‘ یہ سمجھتا ہے کہ جاریہ سال لوک سبھا اور گزشتہ سال اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی شاندار کامیابی کیلئے ایک فرد ذمہ دار ہے تو اسے ازسرنو غور کرنا چاہئیے ۔ ان کے اس تبصرے کو وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید سمجھا جارہا ہے ۔ وسندھرا راجے نے کل رات ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوک سبھا میں 25 اور اسمبلی میں 200 کے منجملہ 163 ارکان محض آپ (عوام) کی تائید سے منتخب ہوئے ہیں ۔ اگر کوئی یہ سمجھے کہ کسی فرد کی وجہ سے کامیابی ملی تو انہیں اپنی سونچ بدل دینی چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ہمیں کامیابی دلائی اور ہم عوام کے شکر گزار ہیں ۔ وسندھرا راجے نے کہا کہ ہر شخص کو عام آدمی کی طاقت کا اندازہ ہونا چاہئیے ۔ عوام جنہیں پسند کرتے ہیں انہیں ووٹ دیتے ہیں اور جس دن عوام کسی کے خلاف فیصلہ کرلیں تو ان کا صفایا ہوجاتا ہے ۔ وسندھرا راجے کے ان ریمارکس کو سیاسی حلقوں میں مودی پر تنقیدیں سمجھا جارہا ہے ۔ لیکن چیف منسٹر کے صحافتی مشیر نے کہا کہ مرکز یا وزیراعظم نریندر مودی سے اس تبصرہ کا کوئی تعلق نہیں ۔ سوچھ بھارت ابھیان کے بارے میں چیف منسٹر نے کہا کہ صفائی ہمارے لئے کوئی نئی بات نہیں ۔ کانگریس نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے مودی اور وسندھرا راجے کے مابین سیاسی کشیدگی پائی جاتی ہے اسی لئے انہوں نے بالواسطہ تنقید کی ہے ۔