مودی پر ملک کے سماجی تانے بانے کی تباہی کا الزام

رجیجونہرو کے بارے میں جھوٹی تشہیر میں مصروف ‘ چیف منسٹر آسام ترون گوگوئی کا بیان
گوہاٹی۔یکم نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر آسام ترون گوگوئی نے آج الزام عائد کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی اتحاد کے وسائل کو یکجا کرنے سے قاصر رہے ہیں تاکہ قوم مستحکم ہوسکے ۔ ملک کا تانا بانابکھر رہا ہے ‘ انتشار پسند طاقتیں اپنے بدنما سر اٹھا رہی ہے اور معاشرہ میں انتشار برپا کررہی ہے لیکن وزیراعظم اتحاد ‘ امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی باتیں کرنے کے باوجود ملک کے تانے بانے کے تحفظ سے قاصر ہیں ۔ سابق مرکزی وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یوم پیدائش تقریب کے موقع پر انہوں نے کہا کہ پٹیل کا پیغام واضح اور بلند آہنگ تھا کہ ملک میں عدم رواداری ناقابل برداشت ہے ۔ ملک کے اتحاد اوریکجہتی کی قیمت پر کسی حال کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا ۔ گوگوئی نے دعویٰ کیا کہ ایسا معلوم ہوتاہے کہ وزیراعظم دفاع کا رجحان رکھتے ہیں اور انہوں نے اب تک یہی کیا ہے ۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ان کی کارروائیاں موجودہ جاری صورتحال کے خاتمہ کیلئے ناکافی ہیں ۔ جب عدم رواداری میں اضافہ ہورہاہے

جس کی وجہ سے کئی مصنفین ‘ فنکار اور سائنسداں اپنی ناراضگی ظاہر کرنے کیلئے اچانک احتجاج کررہے ہیں ۔ لیکن مرکز اسے حقیقت قرار نہیں دیتا بلکہ کہہ رہا ہے کہ یہ کسی تحریک کی وجہ سے چلائی جانے والی مہم ہے ۔ چیف منسٹر آسام نے نشاندہی کی کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ اُن طاقتوں کو باہم متحد اور یکجہت کیا جائے جو آہنی پنجہ سے انتشار پسند طاقتوں کو کچل سکیں ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مرکزی وزیر کرن رجیجو پنڈت جواہرلال نہروکے بارے میںغلط معلوماتی تشہیر کررہے ہیں ۔ انہوں نے شمال مشرقی علاقہ کے عوام سے اپیل کی کہ 1962ء کی ہند۔ چین جنگ کے دوران جو کچھ ہوا اس کے بارے میں حقائق پیش کریں ۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا حب الوطن نہرو جو بنیادی طور پر وطن سے محبت رکھنے والے تھے ‘ ان کی ملک کی ترقی میں دین کو اُجاگر کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ رجیجو کو یہ ذہن رکھنا چاہیئے کہ کانگریس دور اقتدار میں اروناچل پردیش وجود میںآچکا تھا اور کئی ترقیاتی سرگرمیاں بھی ہوچکی تھی۔