مودی پر شخصی تنقید سے گریز کا پرینکا کو مشورہ

عام آدمی پارٹی پر بھی تنقید ، بی جے پی قائد ارون جیٹلی کا بیان
امرتسر 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پرینکا گاندھی کے ایک دن قبل اُن کے شوہر رابرٹ وڈرا پر حملے سے دُکھ پہونچنے کا تذکرہ کرنے کے بعد بی جے پی نے آج کہاکہ وہ چاہتی ہیں کہ شخصی حملوں سے گریز کیا جائے لیکن کانگریس نریندر مودی کو کئی مسائل بشمول ازدواجی موقف پر اُنھیں تنقید کا نشانہ بناتی رہی ہے۔ وہ واضح طور پر رابرٹ وڈرا کے اراضی سودوں پر عائد کردہ الزامات کا حوالہ دے رہے تھے۔ جیٹلی نے کہاکہ اُنھیں خوشی ہے کہ پرینکا نے وڈرا کے بارے میں بیان دیا ہے۔ اُنھیں پرینکا سے اُمید ہے کہ اُن کے ارکان خاندان اور اُن کی پارٹی کو بھی اسی مشورہ کی ضرورت ہے۔ پرینکا گاندھی کے کانگریسی دوست امید ہے کہ اب محسوس کریں گے کہ شخصی تنقید جو مودی پر اُن کے ازدواجی موقف کے بارے میں اورگجرات میں خواتین کی جاسوسی کے بارے میں معمولی سے ثبوت کی بھی عدم موجودگی کے باوجود مودی کو تنقید کا نشانہ بنارہے تھے، اُنھیں بھی ایسا ہی دُکھ ہوا ہوگا جیسا کہ رابرٹ وڈرا پر تنقید سے پرینکا گاندھی کو ہوا ہے۔ اُنھوں نے عام آدمی پارٹی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی کا نظریہ صرف عوامی مقبولیت ہے، جس کی بنیاد ووٹوں کے حصول پر ہے۔