نئی دہلی۔ یکم فبروری ( سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی اور عام آدمی پارٹی کے صدر اروند کجریوال کو آج اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک پرچارک ہے تو دوسرا دھرنے باز ہے ۔ انہوں نے ووٹرس سے خواہش کی کہ وہ کھوکلے وعدے کرنے والوں سے دہلی کو بچائیں۔ سونیا گاندھی نے بدرپور کے قریب میٹھاپور میں کانگریس کی انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ ایک پارٹی میں ایک پرچارک ہے جو صرف پرچار کرتا ہے ،دوسری پارٹی میں محض ایک دھرنے باز ہے جو ہر وقت دھرنے منظم کرنے میں مصروف رہتا ہے ۔دہلی کو جھوٹے وعدوں کی نہیں بلکہ بہتر حکمرانی کی ضرورت ہے ‘‘ ۔ دہلی میں 7فبروری کو ہونے والے عام اسمبلی انتخابات کے اعلان سے قبل دہلی کے بعض علاقوں میں ہوئے فرقہ وارانہ تشدد کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے سونیا گاندھی نے الزام عائد کیا کہ اقتدار حاصل کرنے کیلئے بعض عناصر نے گڑبڑکی ان تمام کو شکست دینے کی ضرورت ہے۔