مودی نے پرینکا کو کبھی اپنی بیٹی جیسی نہیں کہا : بی جے پی

وارناسی 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی کے انٹرویو پر تنازعہ پیدا ہونے پر بی جے پی قائد روی شنکر پرساد نے آج کہاکہ چیف منسٹر گجرات نے کبھی بھی یہ نہیں کہا تھا کہ پرینکا گاندھی اُن کی بیٹی جیسی ہیں۔ انٹرویو کو کس کے دباؤ پر اڈٹ کیا گیا تھا، اِس کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ جبکہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے روی شنکر پرساد نے کہاکہ گزشتہ 10 سال سے دوردرشن نے مودی کا بائیکاٹ کیا تھا اور اب اُن کے انٹرویو کو دانستہ طور پر مسخ کیا گیا ہے۔ جس سے بی جے پی کو سخت تکلیف پہونچی ہے۔ مودی نے کبھی یہ نہیں کہا تھا کہ پرینکا اُن کی بیٹی جیسی ہیں۔ خبروں میں اور اخبارات میں یہ اطلاعات کیسے شائع ہوئی، وہ نہیں جانتے۔ مودی نے صرف یہ کہا تھا کہ اپنی ماں اور بھائی کا دفاع کرنا ایک بیٹی کی جانب سے فطری ہے۔ لیکن اُن کے انٹرویو کو مسخ کرکے پیش کیا گیا۔