مودی نے وزیراعظم کے عہدہ کا وقار ختم کردیا : کانگریس

دال اوراناج کی شاندارپیداوار پرکسانوں کو مبارکباد ‘ نوجوانوں کوڈیجیٹل معیشت کے سفیر بننے کا مشورہ‘’’من کی بات پروگرام ‘‘
نئی دہلی ۔26فبروری ( سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کے ’’ شمشان اور قبرستان ‘‘ تبصرے پر تنقید کرتے ہوئے کانگریس نے آج کہا کہ نریندر مودی نے ملک کے اعلیٰ ترین عہدہ کے وقار کو ختم کردیا ہے ۔ کانگریس قائد من پریت سنگھ بادل نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت اپنے انتخابی وعدوں کی تکمیل سے قاصر ہے اور سطحی تبصروں کے ذریعہ مودی نے وزیراعظم کے عہدہ کا وقار ختم کردیا ہے ۔ دریں اثناء  وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ اس برس ملک میں دال سمیت اناج کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے اور اس کے لئے کسان مبارک باد کے مستحق ہیں۔ مسٹر مودی نے آکاشوانی سے آج نشر ہونے والے ‘من کی بات’پروگرام میں کہا کہ کسانوں کی محنت سے اس برس ملک میں دو ہزار سات سو لاکھ ٹن سے بھی زیادہ اناج کی پیداوار ہوئی ہے جو آخری ریکارڈ سے آٹھ فیصد زیادہ ہے ۔ اس کے ساتھ ہی تقریبا 290لاکھ ہیکٹر زمین پر مختلف دالوں کی بھی پیداوار ہوئی۔ وزیر اعظم نے کہا، ‘یہ اپنے آپ میں بے مثال کامیابی ہے اور اس کے لئے میں کسانوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ مسٹر مودی نے کہا کہ کسانوں نے دالوں کی ریکارڈ پیداوار کرکے غریبوں کی سب سے بڑی خدمت کی ہے کیونکہ دال میں سب سے زیادہ پروٹین ہوتا ہے

اور اس کی ضرورت غریبوں کو سب سے زیادہ ہے ۔وزیر اعظم مودی نے کہا، "ملک کی معیشت میں زراعت کا بہت بڑا تعاون ہے ۔ گاؤں کی اقتصادی طاقت، ملک کی اقتصادی رفتار کو طاقت دیتی ہے ۔ میں خوشی سے بتانا چاہتا ہوں کہ ہمارے کسان بھائی بہنوں نے سخت محنت کر کے اناج کے ذخائر بھر دیئے ہیں۔کھیتوں میں اس بار فصل ایسی لہرائی ہے ، ہر روز لگنے لگا جیسے پونگل اور بیساکھی آج ہی منائی جارہی ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہم وطنوں خاص طور نوجوانوں کا ڈیجیٹل معیشت کا امبیسڈر بننے کا اعلان کرتے ہوئے اس تحریک سے وابستہ ہر شخص کو بدعنوانی اور کالے دھن کے خلاف جنگ کا حصہ بتایا ہے ۔مسٹر مودی نے آج آکاشوانی سے نشر ‘من کی بات’ پروگرام کے ذریعے ہم وطنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگ آہستہ -آہستہ نقد سے نکل کر ڈیجیٹل لین دین کی طرف بڑھ رہے ہیں جو ایک اچھا اشارہ ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ‘ڈجی دھن کاروبار کے منصوبہ ‘ اور ‘لکی کلائنٹ کے منصوبہ ‘ کو بھاری حمایت مل رہی ہے ۔ انہوں نے نوجوانوں اور ان منصوبوں میں ایوارڈ حاصل کرنے والوں سے اپیل کی کہ وہ ڈیجیٹل معیشت کی تحریک کی قیادت کریں۔وہ اپنے پروگرام ’’ من کی بات ‘‘ میں ہندوستان کی عوام سے ریڈیو پر خطابکررہے تھے  ۔ مسٹر مودی نے اس کی منصوبہ بندی کے تحت ایک لاکھ روپے کا انعام جیتنے والے دہلی کے 22 سالہ کار ڈرائیور شبیر کی بھی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ اب وہ اپنے پیسنجروں کو ڈیجیٹل لین دین کے بارے میں بیدار کرتے ہیں۔