معمروزیروں کی سبکدوشی اور کابینہ میں ردوبدل کی افواہیں
نئی دہلی ۔ 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج مختلف وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا کہ گذشتہ دو سال میں انہوں نے کتنی اسکیموں پر عمل آوری کی ہے اور ان کیلئے مختص کتنی رقومات خرچ کی ہیں اور عوام کو ان اسکیموں سے کس حد تک فائدہ پہنچا ہے۔ انہوں نے وزراء کو ہدایت دی کہ مرکزی اسکیم کے فوائد عام آدمیوں تک پہنچنے کو یقینی بنایا جائے۔ کسی ایک شعبہ پر زیادہ توجہ مرکوز نہ کی جائے۔ مودی کا خیال تھا کہ مذکورہ اسکیمیں انتخابی منشور میں شامل تھیں اور ان کے حقیقی جذبہ کے ساتھ ان کا نفاذ ضروری ہے تاکہ اپوزیشن کو حکومت کے تیقنات کی عدم تکمیل کا الزام عائد کرنے کا موقع نہ مل سکے۔ وزراء نے کہا کہ ردوبدل کے پیش نظر یہ اجلاس صرف ایک کاروباری اجلاس کی حیثیت رکھتا ہے۔ وزیراعظم نے مختلف وزارتوں کی کارکردگی کا صرف جائزہ لیا ہے۔ قومی دارالحکومت دہلی میں افواہیں سرگرم ہیں کہ 75 سال سے زیادہ عمر کے وزراء اور غیر کارکرد وزراء کو مرکزی کابینہ سے علحدہ کردیا جائے گا۔