مودی نے ممتا کی غیرمعمولی تعریف کی

نئی دہلی11 جون (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کی آج وزیراعظم نریندر مودی نے ریاست میں ترقیاتی کاموں کے لئے غیرمعمولی تعریف کی۔ اِس سے یہ اشارہ بھی مل رہا ہے کہ مرکز میں بی جے پی زیرقیادت حکومت اُنھیں اپنے قریب کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ مودی نے تحریک تشکر پر مباحث کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ ’’میری بہن ممتا بنرجی یقینا بہت سخت محنت کررہی ہیں اور مغربی بنگال میں گزشتہ 35 سال کے دوران جو نقصان ہوا ، اُس کی پابجائی کیلئے کمربستہ ہیں‘‘۔ انتخابی مہم کے دوران مودی نے ترنمول کانگریس حکومت کو ریاست میں کئی مسائل بشمول ترقیاتی کام نہ ہونے کے لئے تنقیدوں کا نشانہ بنایا تھا۔ قبل ازیں ترنمول کانگریس لیڈر کے جی دستی دار نے لوک سبھا میں مودی حکومت سے موافق عوام پروگرامس کو روبہ عمل لانے میں ممکنہ تعاون کا وعدہ کیا تھا۔

مودی کی تقریر میں صرف باتیں، روڈ میاپ نہیں: کانگریس
نئی دہلی 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے لوک سبھا میں وزیراعظم نریندر مودی کی پہلی تقریر میں حقیقت کے فقدان اور پرانی باتوں کے مسلسل اعادہ سے تعبیر کیا اور کہاکہ اُنھیں پارلیمنٹ میں صدرجمہوریہ کے خطبہ میں کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کیلئے روڈ میاپ واضح کرنا چاہئے تھا۔ کانگریس پارٹی ترجمان رندیپ سرجیوالا نے اے آئی سی سی پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ وعدے کرنے کے بجائے اب عملی اقدامات کا وقت آچکا ہے۔ وزیراعظم نے اپنی تقریر کے دوران صرف باتوں پر اکتفا کیا

اور یہ نہیں بتایا کہ صدرجمہوریہ نے اپنے خطبہ میں جن وعدوں کا ذکر کیا ہے اُنھیں وہ کس طرح پورے کریں گے۔ اِس ضمن میں کوئی منصوبہ یا روڈ میاپ واضح نہیں کیا گیا۔ ہم بحیثیت اپوزیشن مودی سے روڈ میاپ کی توقع کررہے تھے۔ لیکن افسوسناک پہلو یہ ہے کہ نریندر مودی نے ایسا بالکل نہیں کیا، اِس کے برعکس صرف لفاظی کرتے رہے۔ سرجیوالا نے تاہم یہ بھی کہاکہ حکومت نے جو وعدے کئے ہیں، اُن پر عمل آوری کے لئے اقدامات کے بارے میں ہمیں شبہ نہیں ہے۔