احمد آباد31جولائی (سیاست ڈاٹ کام) گجرات اسمبلی کی کل 182میں سے اب تک سب سے زیادہ 149 سیٹیں جیت کر وزیر اعلی بننے کا ریکارڈ اپنے نام رکھنے والے چار بار کے سابق وزیر اعلی مادھوسنہہ سولنکی نے کہا ہے کہ برسراقتدار پارٹی بی جے پی بھلے ہی اس سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کی 150سے زیادہ سیٹیں جیتنے کا نعرہ دے رہی ہو لیکن سچ تو یہ ہے کہ جب نریندر مودی جیسے بڑے لیڈر چیف منسٹر رہتے ہوئے اُن کاریکارڈ نہیں توڑپائے تو نئے چہروں والی ریاستی بی جے پی اسے کس طرح پار کر سکے گی۔ 1985ء میں 149سیٹیں جیت کر چیف منسٹر بننے والے سولنکینے جو وزیر خارجہ بھی رہ چکے ہیں، کہا، ’’جب مودی چیف منسٹر بنے تو بی جے پی کا ہر کارکن کانفرنس میں کہا کرتا تھا کہ پارٹی کو میرا ریکارڈ توڑنا ہے ۔ لیکن وہ ایسا کر نہیں پائے ۔ جب مودی جیسا لیڈر ایسا نہیں کر پایا تو آج کے نئے چہروں اور کم وزن والے لیڈروں سے اس کی امید کس طرح کی جا سکتی ہے ؟‘‘ چھتریہ، ہریجن، قبائلی اور مسلم ووٹ کو جوڑ کر کانگریس کے حق میں کرنے والے سولنکی پردیش کانگریس کے موجودہ صدر اور سابق مرکزی وزیر بھرت سنہہ سولنکی کے والدہیں۔