مودی نے رافیل سودے میں دفاعی خرید کے ضابطوں پر عمل نہیں کیا:جے پال

پڈوچیری، 3ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر جے پال ریڈی نے وزیراعظم نریندر مودی پر رافیل طیارہ سودے کے تعلق سے سنگین الزام لگاتے ہوئے پیر کو کہا کہ وزیراعظم دفاعی خریداری سے متعلق ضابطوں پر عمل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ مسٹر ریڈی نے یہاں نامہ نگاروں سے کہاکہ دفاعی سودے کو عام طورپر ایک تفصیلی ، سست اور انتہائی معتدل طریقہ کار سے گزرنا پڑتا ہے ۔ مسٹر مودی نے اپنے نجی اختیارات کا استعمال کرکے رافیل جیٹ طیارہ کی خریداری کرنے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ وزیراعظم اپنے بوتے پر اتنے بڑے تجارتی سودے کے بارے میں فیصلہ نہیں کرسکتے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ یہ 17 ویں صدی کا فرانسیسی شہنشاہ لوئس 14کی یاد تازہ کرتا ہے جس نے کہا تھا کہ ’میں ہی ملک ہوں‘۔ مسٹر ریڈی نے الزام لگایا کہ طیاروں کی خرید کے لئے فرانس کی کمپنی کے ساتھ ہوئے نئے سودے سے ملک کو 41 ہزار کروڑ روپے کا نقصان ہوگا۔ کانگریس کی قیادت والی ترقی پسند اتحاد حکومت نے 126طیاروں کی خریدکا سودا کیا تھا لیکن مسٹر مودی کی قیادت والی قومی جمہوری اتحاد حکومت نے 36طیاروں کی خرید کا فیصلہ کیا اور وہ بھی بہت اونچی قیمتوں پر۔ انہوں نے رافیل طیارہ سودے کو وزیراعظم کی ’ایک بڑی غلطی‘ قرار دیا۔