نئی دہلی ، 11 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ وہ مہاتما گاندھی کے نظریہ سے ’’نہایت متاثر‘‘ ہیں جیسا کہ انھوں نے اپنے ’’خوابوں کے‘‘ ولیج ڈیولپمنٹ پراجکٹ …سانسد آدرش گرام یوجنا (ایس اے جی وائی)… کا آج یہاں آغاز کیا ہے۔ ’’میں مہاتما گاندھی کے نظریہ سے کافی متاثر رہا ہوں۔ وہ بہت دور اندیش رہے جو یہ جان لیا تھا کہ آپ کو کسی گاؤں کو روشنی لانے کیلئے محض برقی کھمبوں کی ضرورت نہیں بلکہ وہ حقیقی روشنی (روشن خیالی و بصیرت) اقدار کو سنوارنے، برادرانہ جذبہ اور اچھی تعلیم کو فروغ دینے سے آئے گی،‘‘ وزیراعظم نے ایس اے جی وائی کے رہنمایانہ خطوط میں شامل اپنے پیام میں یہ الفاظ تحریر کئے ہیں۔ ’’میرا بھی ماننا ہے کہ قومی افتخار ، حب الوطنی، اتحاد، خوداعتمادی کے اقدار پیدا کرنا اتنا ہی اہم ہے جتنا انفراسٹرکچر کو فروغ دینا ہے،‘‘ مودی نے اس اسکیم کے تعلق سے یہ بات کہی، جس کا آغاز لوک نائک جئے پرکاش نرائن کے یوم پیدائش کے موقع پر کیا گیا ہے۔