جئے پور ۔ 5 جون (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر آبی وسائل اوما بھارتی نے آج وزیراعظم نریندر مودی کو مسیحا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی ہزاروں سال سے ان کا انتظار کررہے تھے۔ ان کے پاس تمام مسائل کا حل موجود ہے۔ گنگا کی صفائی کے نام پر گذشتہ 29 سال سے 5 ہزار کروڑ روپئے صرف کئے گئے لیکن کوئی نتائج برآمد نہیں ہوئے۔ اب اگر ہم (سابق وزیراعظم) منموہن سنگھ سے دریافت کریں تو وہ صرف یہی کہیں گے مجھے نہیں معلوم لیکن پہلی بار ہندوستان کا ایک ایسا وزیراعظم ہے جو کہتا ہیکہ مجھے سب پتہ ہے کیونکہ ان کے پاس ہر چیز کا جواب موجود ہے۔ ہندوستان کے تمام مسائل کا حل موجود ہے۔ اوما بھارتی جل کرانتی ابھیان عالمی یوم ماحولیات کا ارتکاب کرتے ہوئے تقریر کررہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مودی مسیحا ہیں، ان کا ہندوستانیوں کو ہزاروں سال سے انتظار تھا۔ اپوزیشن کے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہ وہ اپنا کام ’’بھگوا ایجنڈہ‘‘ سے مربوط کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھگوا ایجنڈہ سرسوتی یا گنگا پراجکٹس میں دیکھ رہے ہیں، لیکن وہ غربت کے صفائے کا ایجنڈہ رکھتی ہے اور عوام کی خوشحالی کی خواہاں ہیں۔ ہندو اور مسلمان دونوں گنگا کنارے رہتے ہیں۔ یہ دریا 50 کروڑ افراد کے روزگار کا ذریعہ ہے۔ کیا یہ بھگوا ایجنڈہ ہے۔ انہوں نے پرزور انداز میں یہ سوال کیا۔