مودی قائدانہ صلاحیتوں کے حامل: سشما سوراج

مدھوبنی (بہار) ۔ 28 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سینئر بی جے پی لیڈر سشما سوراج نے آج نریندر مودی کی قیادت کی اہلیت کی ستائش کی اور کہا کہ صرف بی جے پی ہی ایسی پارٹی ہے جو ملک کو مایوسی کے غار سے باہر نکال سکتی ہے جس میں عوام کو کانگریسی حکومت نے ڈھکیل دیا ہے۔ ضلع مدھوبنی کے بینی پٹی میں ایک انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے سشما سوراج نے کہا کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہم نے نریندر مودی کو بی جے پی کے وزارت عظمی کے عہدہ کیلئے منتخب کیا اور ان کے نام کا اعلان کیا کیونکہ مودی ایک ایسے لیڈر ہیں جن میں قیادت کی زبردست صلاحیت پائی جاتی ہے ۔ کانگریس کے دس سالہ دور حکومت کے بعد عوام آج انتہائی مایوسی کا شکار ہیں اور انہیں مایوسی کے اس غار سے صرف بی جے پی نکال سکتی ہے ۔ سشما سوراج بہار میں اپنی پہلی انتخابی مہم کے دوران عوامی جلسہ سے خطاب کر رہی تھیں ۔ انہوں نے کانگریس کی ’’ترقیاتی‘‘ کاموں کا طنزیہ انداز میں تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہکانگریس نے ملک کو بدعنوانی، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ، کسانوں کی حالت زار ، پاکستان کے سامنے گھٹنے ٹیک دینے اور تجارت میں خسارہ جیسے اہم کارنامے انجام دیئے۔ پارٹی امیدوار حکم دیو نارائن یادو کی تائید میں منعقدہ جلسہ سے خطاب کے دوران انہوں نے مسٹر یادو کی بھی ستائش کرتے ہوئے انہیں ’’سنکٹ موچن‘‘ (مصیبت سے باہر نکالنے والا) قرار دیا جنہیں سہ رخی مقابلہ درپیش ہے۔ آر جے ڈی کے عبدالباری صدیقی، جے ڈی (یو) کے غلام غوث بھی انتخابی میدان میں ہیں اور ان کے ساتھ یادو کا کانٹے کا مقابلہ ہے جس کے نتائج انتہائی دلچسپ ثابت ہوسکتے ہیں ۔