بی جے پی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ، مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو کا خطاب
نئی دہلی۔ 7 فروری (سیاست ڈاٹ کام) غریب حامی ایجنڈہ پر اپنا زور برقرار رکھتے ہوئے بی جے پی نے آج کہا کہ حکومت کی بحیثیت مجموعی پالیسی غریبوں کیلئے فکرمندی سے تحریک حاصل کرتی ہے۔ ارکان پارلیمنٹ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کے ’’غریبوں کا مسیحا‘‘ کے طور پر عوام میں روشناس کروائیں۔ مرکزی وزیر برائے پارلیمانی اُمور ایم وینکیا نائیڈو نے پارٹی ارکان پارلیمنٹ کو ہدایت دی کہ عام آدمی تک حکومت کے کارناموں اور اس کے نظریات پہنچائے جائیں جن کا صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے ایوان پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران ذکر کیا ہے۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہ وزیر پارلیمانی امور اننت کمار نے بھی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کل کارکردگی پر اظہار اطمینان کیا۔ صدر کے خطبہ پر لوک سبھا میں 9 گھنٹے مباحث کے لئے مختص کئے گئے تھے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ 3 مسودات قانون اُجرتوں کی ادائیگی، دشمن کی جائیدادوں اور اعلیٰ مالیاتی کرنسی نوٹوں کی تنسیخ کے بارے میں پارلیمنٹ میں منظور کرلئے جائیں گے اور یہاں قوانین حکومت کے جاری کردہ صدارتی حکم ناموں کی جگہ لیں گے۔ مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے اجلاس سے تفصیلی خطاب کیا اور حکومت کے ڈیجیٹل ادائیگی پر زور دینے کی وجوہات بیان کیں۔ انہوں نے کہا کہ شیلانگ میں بھی جن دھن اسکیم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساڑھے چار لاکھ افراد بشمول تاجر برادری کو حکومت نے قرعہ اندازی کے ذریعہ ادائیگی کے ڈیجیٹل طریقوں کے استعمال پر اول، دوم اور سوم انعامات دیئے۔