شملہ ۔ 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیرداخلہ سشیل کمار شنڈے نے آج بی جے پی اور وزارت عظمیٰ کے لئے اس کے امیدوار پر تنقید کی اور انتخابی مہم کے دوران سیاسی بحث سے انحراف کرتے ہوئے شخصی حملوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا۔ شنڈے نے کہا کہ ’’مودی کی تقاریر میں پالیسی، پروگرام اور نظریہ کا کوئی تذکرہ نہیں ہے۔ مودی صرف انفرادی شخصیات کو نشانہ بنارہے ہیں‘‘۔ شنڈے نے دعویٰ کیا کہ انتخابات کے بعد یو پی اے III حکومت بنائے گی اور راہول گاندھی آئندہ وزیراعظم ہوں گے۔
شنڈے نے مودی پر جھوٹ بولنے اور حقائق کو مسخ کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ان کے چائے والا ہوے کے بارے میں گذشتہ 14 سال سے ہم نے کبھی کچھ نہیں سنا تھا لیکن اب ووٹروںکو راغب کرنے وہ ایسا حربہ اختیار کررہے ہیں لیکن عوام ان کے حربوں سے گمراہ نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ آج بی جے پی خود الجھن کی شکار ہے۔ جہاں اٹل بہاری واجپائی، ایل کے اڈوانی، مرلی منوہر جوشی، جسونت سنگھ اور دیگر سینئر قائدین نظرانداز کردیئے گئے ہیں اور صرف مودی باقی رہ گئے ہیں۔