نئی دہلی، 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جنتادل متحدہ کے صدر شرد یادو نے آج کسانوں کے مصائب و آلام پر وزیراعظم نریندر مودی کے ریمارکس پر این ڈی اے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے یہ الزام عائد کیاکہ وہ صرف خواب فروشی میں مصروف ہیں اور ان کے پاس کوئی پالیسی یا پروگرام نہیں ہے۔ انھوں نے کہاکہ ارادوں سے زیادہ پالیسی کی اہمیت ہوتی ہے اور تمام حکومتوں کا مقصد عوام کی بھلائی ہوتا ہے جس کی تکمیل کیلئے حکومت کی کوئی پالیسی یا پروگرام ہونا چاہئے۔ لیکن موجودہ حکومت کے پاس کوئی منصوبہ، کوئی پالیسی اور کوئی پروگرام نہیں ہے۔ محض نیک ارادہ سے کسانوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ شرد یادو، وزیراعظم مودی کے اُن ریمارکس پر ردعمل ظاہر کررہے تھے کہ اپوزیشن جماعتیں حکومت کے خلاف یہ گمراہ کن مہم چلارہی ہیں کہ حکومت کسان برادری کے مفاد کے برعکس کام کررہی ہے، جبکہ حصول اراضیات کے نئے بل پر تنقیدوں سے دوچار مودی کا یہ استدلال ہے کہ اُنھوں نے اپنی زندگی کسانوں کے ساتھ گزر بسر کی ہے اور کاشتکاروں کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں جس کی یکسوئی کیلئے نیک مقاصد کے تحت کام کررہے ہیں۔ وزیراعظم نے کل بنگلورو میں ایک جلسہ عام سے خطاب کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا تھا جس پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے شریادو نے کہاکہ ٹھوس پالیسی اور پروگرام کے بغیر نیک ارادے بے فیض ہوتے ہیں اور نتائج اُس وقت حاصل ہوتے ہیں جب پالیسی اور ارادے مرکب ہوجائیں لیکن موجودہ حکومت کے پاس پالیسی کا فقدان پایا جاتا ہے۔ حکومت نے 2 کروڑ ملازمتیں فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس طرح کے کئی ایک حسین خواب دکھائے تھے لیکن اس میں سے ایک بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکا۔