نئی دہلی 3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کے بارے میں مبینہ طور پر ’’شیو لنگ پر بیٹھے بچھو‘‘ کے ریمارک پر کانگریس کے لیڈر ششی تھرور کے خلاف شہر کی ایک عدالت میں ہتک عزت کا فوجداری مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔ درخواست میں شکایت کنندہ نے کہا ہے کہ ’میں لارڈ شیوا کا بھگت ہوں۔ تاہم ملزم (تھرور) نے شیوا کے کروڑوں بھکتوں کی بد احترامی کرتے ہوئے ایک بیان دیا تھا جس سے نہ صرف ملک بھر میں بلکہ ملک کے باہر بھی لارڈ شیوا کے بھکتوں کے جذبات و احساسات مجروح ہوئے ہیں‘۔ شکایت میں مزید کہا گیا ہے کہ ’شکایت کنندہ کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں اور ملزم نے دانستہ طور پر شرارت انگیز حرکت کی ہے جس کا مقصد شیو بھکتوں کے مذہبی عقائد کو ٹھیس پہونچاتے ہوئے مذہبی جذبات و احساسات کو مجروح کرنا تھا۔ ایک ایڈوکیٹ نیرج کے ذریعہ دائر کردہ شکایت میں اس بیان کو کروڑوں عوام کے اعتقاد کی بدترین توہین کو ناقابل برداشت غلطی قرار دیا گیا ہے۔ تھرور نے گزشتہ اتوار کو بنگلورو ادبی میلے میں یہ دعویٰ کرتے ہوئے ایک نیا تنازعہ پیدا کردیا تھا کہ آر ایس ایس کے ایک گمنام لیڈر نے مودی کا تقابل ’شیولنگ پر بیٹھے بچھو‘ سے کیا ہے۔