مودی سرکار کے بارے میں چھ ماہ بعد تبصرہ کروں گا: اکھلیش

جونپور ۔ 28 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعلیٰ یو پی اکھلیش یادو نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ سماج وادی پارٹی وزیراعظم نریندر مودی حکومت کی کارکردگی کا چھ ماہ تک مشاہدہ کرے گی ۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چھ ماہ گزرنے کے بعد ہی مودی حکومت کے بارے میں تبصرہ کیا جاسکتا ہے ۔ اکھلیش یادو پارٹی لیڈر ستائی رام یادو کو خراج عقیدت پیش کرنے یہاں آئے ہوئے ہیں جو 19 مئی کو ایک حادثہ میں فوت ہوگئے تھے ۔ بدعنوانی کے موضوع پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ہر شکایت پر توجہ دیتے ہوئے بدعنوانی میں ملوث فرد یا افراد کے خلاف کارروائی کر رہی ہے ۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ریاست میں برقی بحران موجود ہے لیکن حکومت کسی نہ کسی طرح اس بحران پر بھی قابو حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گی ۔ حالیہ انتخابات میں پار ٹی کی ناقص کارکردگی کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ پارٹی سربراہ ملائم سنگھ تمام نتائج کا گہرائی سے جائزہ لے رہے ہیں۔