مودی ریلی : اسٹیج ٹوٹ گیا،تین افراد زخمی

بلیا (یو پی)، 6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) تین افراد آج اس وقت زخمی ہوگئے جب سکندرپور میں نریندر مودی کی ریلی کے دوران لوک گلوکاروں کیلئے قائم اسٹیج گرگیا۔ بی جے پی وزارت عظمیٰ امیدوار مودی پارٹی کے امیدوار برائے حلقہ سالم پور رویندر کشواہا کے حق میں جلسہ عام سے خطاب کیلئے جب ڈائس پر پہنچے تو بڑی تعداد میں لوگ قریبی اسٹیج پر چڑھ گئے جو لوک سنگرس کیلئے بنایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں اسٹیج ٹوٹ گیا۔ تین نوجوان افراد اس واقعہ میں زخمی ہوئے اور انھیں مقامی اسپتال پہنچایا گیا ۔

کجریوال کو سکیوریٹی نہیں چاہئے
وارانسی۔ 6 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی لیڈر اروند کجریوال نے آج یہاں ضلع نظم و نسق سے تحریری درخواست کی کہ ان کا پولیس پروٹیکشن ہٹالیا جائے اور انہوں نے ایک سینئر پولیس آفیسر کو ’’جانبداری‘‘ کا مورد الزام ٹھہرایا۔ وارانسی کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو سخت الفاظ پر مبنی مکتوب میں کجریوال نے کہا کہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے ’’جھوٹی رپورٹ‘‘ دیتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ میڈیا کی توجہ حاصل کرنے مختلف ہتھکنڈے اپنا رہے ہیں اور شہر کے بی جے پی غلبہ والے علاقوں میں جلسہ منعقد کرتے ہوئے نریندر مودی اور بی جے پی کے خلاف لب کشائی کر رہے ہیں۔