مودی ریالی کیلئے چھوٹے میدان کی منظوری ایک سازش

پٹنہ ۔20 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) مظفر پور بہار میں 3 مارچ کو نریندر مودی کی ریلی کیلئے الاٹ کئے گئے چھوٹے میدان پر تنقید کرتے ہوئے بہار بی جے پی یونٹ نے اسے حکومت کی سازش قرار دیا ہے ۔ جن کا کہنا ہے کہ مودی کی ریلی میں ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوںافراد شریک ہوں گے مگر حکومت نے ایک سازش کے تحت ریلی کیلئے چھوٹے میدان کی اجازت دی ہے ۔ بی جے پی لیڈر سشیل کمار مودی نے وقفہ صفر میں یہ مسئلہ اُٹھاتے ہوئے کہا کہ ابتداء میں حکومت نے مظفرپور انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی سے متصل تمام تینوں میدان میں ریلی کی اجازت دی تھی ۔ انھوں نے کہا کہ مظفرپور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے بی جے پی پریسیڈنٹ ارون کمار سنگھ کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے تینوں میدان ریلی کیلئے منظور کرلئے تھے مگر بعد میں پٹنہ سے ہدایت ملنے کے بعد انھوں نے اپنا فیصلہ تبدیل کرلیا ہے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر منگل پانڈے اور دیگر ارکان اسمبلی نے اس معاملے پر حکومت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے ایوان میں شوروغل کیا ۔ سینئر قائد وجئے کمارچودھری نے کہا کہ حکومت کا یہ ایک بدبختانہ فیصلہ ہے ، جس سے ریلی میں مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔