مودی خصوصی دستوں سے ملاقات کے خواہاں

نئی دہلی ۔ 4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام)فوج کے کمانڈوز جنہوں نے پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردوں کے مورچوں پر حملہ کیا تھا۔ امکان ہیکہ بذریعہ طیارہ نئی دہلی جائیں گے کیونکہ وزیراعظم نریندر مودی ان سے شخصی طور پر ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔ ذرائع کے بموجب فوج کے خصوصی شعبہ کے کمانڈوز عنقریب وزیراعظم سے شخصی طور پر ملاقات کریں گے۔ تاحال وزیراعظم نے سرجیکل حملوں کے بارے میں گہری خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ امکان ہیکہ اس ملاقات کے بعد وہ سرجیکل حملوں کے بارے میں بیان دیں گے۔ یہ کمانڈوز 21 نیم فوجی خصوصی دستے ہیں جن کا شعبہ گذشتہ سال قائم کیا گیا تھا۔ انہیں قبل ازیں میانمار میں بھی سرحدپار فوجی کارروائی کیلئے استعمال کیا جاچکا ہے۔