بی جے پی قائدین پر وزیر اعظم کا خوف طاری، پارلیمنٹ میں کانگریس کا ریمارک
نئی دہلی۔/6فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) اپوزیشن نے آج حکومت کے مختلف فیصلوں جیسے نوٹ بندی، منیریگا،زرعی شعبہ اور درج فہرست ذاتوں پر تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تمام محاذوں پر ناکامی کے باوجود عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کررہی ہے۔ صدر جمہوریہ کے خطبہ پر تحریک تشکر میںحصہ لیتے ہوئے کانگریس لیڈر ملک ارجن کھرگے وزیر اعظم نریندر مودی کو متواتر تنقید کا نشانہ بنایا جو کہ اسوقت ایوان میں موجود تھے۔ انہوں نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ نوٹ بندی کے اچانک فیصلہ پر قوم سے معذرت خواہی کریں جس کی وجہ سے سماج کے ہر ایک طبقہ کو مشکلات اور مصائب کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری طرف حکومت نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ اس کی اسکیمات اور پروگرامس کامیابی کی سمت گامزن ہیں۔ مرکزی وزیر مہیش شرما نے تحریک تشکر پر مباحث کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ نوٹ بندی کے قدم پر ساری قوم نریندر مودی کے ساتھ ہے تاکہ سیاہ دھن کی روک تھام، کرپشن کا خاتمہ اور دہشت گردوں کو فنڈس کی فراہمی پر قدغن لگایا جاسکے۔ تاہم ملک ارجن کھرگے نے 90 منٹ طویل خطاب میں وزیر اعظم اور بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ حکومت لوگوں کو یہ کہتے ہوئے گمراہ کررہی ہے کہ ملک تیزی کے ساتھ ترقی کررہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عوام کو کبھی کبھی بے وقوف بنایا جاسکتا ہے لیکن ہمیشہ کیلئے نہیں۔ انہوں نے ابراہام لنکن کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تمام محاذوں کے پر ناکام ہوتے ہیں۔ تم کس کے بارے میں بات کررہے ہو۔ کانگریس لیڈر نے حکومت کے مختلف فیصلوں نوٹ بندی، بغیرنقد رقم کے ادائیگیوں، سرجیکل حملوں، کسانوں اور پسماندہ طبقات کیلئے فلاحی اسکیمات، روزگار کے مواقع، سوچھ بھارت، بیٹی بچاؤ۔ بیٹی پڑھاؤ، کا احاطہ کرتے ہوئے کہا کہ آیا حکومت مناسب طریقہ سے چلائی جارہی ہے یا پھر جملہ بازی کی جارہی ہے۔ وزیر اعظم پر طنز کرتے ہوئے کھرگے نے کہا کہ وہ بھاشن میں تیز ہیں، بولنے میں تیز ہیں لیکن بھاشن سے پیٹ نہیں بھرتا۔ دریں اثناء راجیہ سبھا میں بھی اپوزیشن نے نوٹ بندی کی وجہ سے عام آدمی کو درپیش مشکلات کو نظرانداز کردینے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور وزیر اعظم نریندر مودی کی خوشنما تصویر پیش کرنے پر بی جے پی ارکان کے خلاف طنز کیا گیا۔ صدر جمہوریہ کے خطبہ پر تحریک تشکر کیلئے مباحث کا آغاز کرتے ہوئے کانگریس لیڈر راجیو شکلا نے کہا کہ حکومت میں کوئی تبدیلی نہ آنے پر عوام مایوس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی کے فیصلہ پر بی جے پی کا ہرایک لیڈر وزیر اعظم نریند رمودی کی مداح سرائی اور خوشنما تصویر پیش کرنے کی کوشش میں ہے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ان پر مودی کا خوف طاری ہے۔