مودی حکومت کے 4 سال مایوس کن ، عوام کا استحصال

’چوری اور سینہ زوری ‘کے مترادف، بی جے پی کی اُلٹی گنتی : مایاوتی
لکھنؤ ۔ 26 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی نے نریندر مودی کی زیرقیادت حکومت کے چار سال کو ’مایوس کن‘ قرار دیا اور کہا کہ این ڈی اے سے حلیف جماعتوں کی علیحدگی اس بات کا واضح ثبوت ہے۔ مایاوتی نے کہا کہ ’’این ڈی اے اتحاد کے حلیف یکے کے بعد دیگرے علیحدہ ہوتے جارہے ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ بی جے پی کے زیرقیادت حکومت کے چار سال تمام سطحوں پر انتہائی ناکام اور مایوس کن رہے ہیں‘‘۔ بی ایس پی کی سربراہ نے مزید کہا کہ ’’غریبوں، محنت کشوں، مزدوروں، عام آدمی اور خواتین کا مرکزی حکومت کی طرف سے استحصال کیا جارہا ہے جو ’چوری اور سینہ زوری‘ کے مترادف ہے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی‘‘۔ مایاوتی نے الزام عائد کیا کہ ’’بی جے پی اور وزیراعظم مودی نے وعدوں کی تکمیل نہیں کی اور عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہونچائی ہے‘‘۔ مایاوتی نے کہا کہ اب خود ان کے لوگ ہی اپنے قائدین کی بات سننے تیار نہیں ہیں جو اس بات کی علامت ہے کہ اب بی جے پی کی اُلٹی گنتی شروع ہوگئی ہے‘‘۔